QR CodeQR Code

کے الیکٹرک شہر کراچی پر ایک عذاب کی طرح مسلط ہے، مبشر حسن

13 Mar 2023 19:10

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ اگر حکومت یا ریاستی اداروں نے کے الیکٹرک کو قابو میں نہ کیا تو پھر عوام احتساب کے لئے خود اٹھ کھڑی ہوگی، کراچی کے مظلوم عوام اور کاروباری طبقات کا صبر و ضبط اب اشتعال میں بدلتا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری سیاسیات مبشر حسن نے شہر قائد میں کے الیکٹرک کی اجارہ داری کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ کراچی شہر پر ایک عذاب کی طرح مسلط ہے، کسی بھی دور حکومت میں کے الیکٹرک کے سرکش افسران اور عملے کو لگام ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی، کے الیکٹرک کی طرف سے بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار، سلیب ٹیرف کا غاصبانہ نظام، لائن لاسز، فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ناجائز منافع خوری اور اوور بلنگ وہ ظالمانہ اقدامات ہیں جنہوں نے شہر کے متوسط طبقے کی زندگی کو اجیرن کر رکھا ہے، کے الیکٹرک کی طرف سے غریبوں کے خون چوسنے کا عمل بلا روک ٹوک جاری ہے، مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کا احتجاج بھی کے الیکٹرک کی روش کو تبدیل کرنے میں ناکام رہا۔

مبشر حسن کا مزید کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور متعلقہ عملے کی شہریوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی بدمعاشی حکومت کی طرف سے فوری نوٹس لینے کا تقاضہ کرتی ہے، اگر حکومت یا ریاستی اداروں نے کے الیکٹرک کو قابو میں نہ کیا تو پھر عوام احتساب کے لئے خود اٹھ کھڑی ہوگی، کراچی کے مظلوم عوام اور کاروباری طبقات کا صبر و ضبط اب اشتعال میں بدلتا جا رہا ہے، علاقے میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، کے الیکٹرک کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف حکومت کو کارروائی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کی عوام کو اوور بلنگ کے ذریعے لوٹا جا رہا ہے، عوام کی لوٹی گئی دولت انہیں واپس دلائی جائے۔


خبر کا کوڈ: 1046514

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1046514/کے-الیکٹرک-شہر-کراچی-پر-ایک-عذاب-کی-طرح-مسلط-ہے-مبشر-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org