QR CodeQR Code

ایران، سعودی تعلقات کی بحالی اُمت مسلمہ کیلئے اچھا پیغام ہے، پیر اعجاز ہاشمی

13 Mar 2023 22:00

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو مل کر اسلام دشمن عناصر کیخلاف قوت استعمال کرنی چاہئے، سعودی، ایران آپس میں لڑتے رہیں گے تو اسلام دشمن عناصر کو فائدہ ہوگا، مسلمانوں کیخلاف سازشیں امریکہ اور اسرائیل کی سرپرستی میں جاری ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی امت مسلمہ کیلئے اچھا پیغام ہے۔دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ اچھا ہے اور ہم اس کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں، ہم بڑے عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ دونوں ممالک کو مل کر اسلام دشمن عناصر کیخلاف اپنی قوت استعمال کرنی چاہئے۔ سعودی عرب اور ایران آپس میں لڑتے رہیں گے تو اس سے مغربی ممالک خاص طور پر اسلام دشمن عناصر کو فائدہ ہوگا۔

لاہور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں اسلامی ممالک کے درمیان چین میں ہونیوالا معاہدہ دیرپا ہو گا اور ان کے درمیان اختلافی معاملات مسلمہ سفارتی انداز سے ہی حل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ریاستوں کو اپنے معاملات خود حل کرنے چاہیئں، امریکی یا چینی سرپرستی میں امت مسلمہ کے فیصلے ہونا افسوسناک ہے۔یہ بھی افسوسناک بات ہے کہ سعودی عرب اور ایران نے باہمی سفارتی معاملات خود طے کرنے کی بجائے چین سے مدد لی۔ لیکن اس کے باوجود ہم سمجھتے ہیں کہ ایران سعودی تعلقات کی بحالی سے مسلم ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کو اپنے مشترکہ دشمن کیخلاف اکٹھے ہونا چاہیے۔ اس وقت مسلمانوں کیخلاف اور اسلام کو ختم کرنے کی جتنی سازشیں ہو رہی ہیں، سب امریکہ اور اسرائیل کی سرپرستی میں جاری ہیں۔ توہین رسالت کے شیطانی منصوبے انہیں دو ممالک کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔ ہمیں ان کیخلاف اکٹھے ہونا چاہیے۔ جب ہم آپس میں اپنی توانائیاں ایک دوسرے کیخلاف صرف کریں گے تو ہمارا دشمن مضبوط اور ہم کمزور ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 1046534

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1046534/ایران-سعودی-تعلقات-کی-بحالی-ا-مت-مسلمہ-کیلئے-اچھا-پیغام-ہے-پیر-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org