0
Tuesday 14 Mar 2023 01:25

ایران سعودی عرب تعلقات کی بحالی خوش آئند اور پوری امت کیلئے خوشی کی خبر ہے، سراج الحق

ایران سعودی عرب تعلقات کی بحالی خوش آئند اور پوری امت کیلئے خوشی کی خبر ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ توشہ خانہ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد قوم کی آنکھیں کھل گئیں، سب کی چوری ثابت ہوگئی، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی والے پہلے ایک دوسرے پر چوری کا الزام لگاتے تھے، اب کہتے ہیں کہ ہم نے کم آپ نے زیادہ چوری کی ہے۔ قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، کوئی گھڑیاں، گملے، گاڑیاں لے گیا تو کوئی چائے کے سیٹ، پرفیوم، کھجوریں اور جوس تک لے اڑا۔ حکمران ٹرائیکا نے ملک کو دنیا بھر میں تماشا بنا دیا، حکومت پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی ہو یا پی ٹی آئی کی، کرپٹ اشرافیہ کا کام مال اور جائیدادیں بنانا ہے، انھیں عوام کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں۔ بڑے بڑے سیاست دانوں، بیوروکریٹس، ججز، جرنیلوں کے اربوں کے اثاثے ہیں، حیران ہوں کہ ان کے پاس اتنی دولت کیسے آئی، غریب روٹی کے لیے ترستا ہے، حکمران اشرافیہ اربوں کے اثاثوں کی مالک ہو کر بھی غریب سے ہی قربانی مانگتی ہے، یہ لوگ اپنا پروٹوکول اور مراعات کم کرنے کو تیار نہیں۔

حکمران سیلاب زدگان کی امداد تک کھا گئے، بلوچستان میں کسی سیلاب متاثرہ فرد کا گھر بنا، نہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں، وزیراعظم بتائیں سیلاب زدگان کے لیے اعلان کردہ 70 ارب روپے اور عالمی امداد کہاں گئی؟ سپریم کورٹ سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق سوموٹو ایکشن لے۔ توشہ خانہ لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شفاف انتخابات کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز ایک ہو جائیں۔ 2 صوبوں کے الیکشن سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید بڑھیں گے۔ الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کی جائیں اور چاروں صوبوں میں قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی وقت میں کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹرائیکا ذاتی مفادات کے لیے ایک دوسرے سے دست و گریباں ہیں۔ حکمرانوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ وزیراعظم جس ملک جاتے ہیں، کشکول اٹھا کر جاتے ہیں، متحدہ عرب امارات کے دورے میں ایک ارب ڈالر کی مدد مانگ لی گئی، صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو کشکول سے نجات دلا کر ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکمران قرض لے کر خود کھا گئے، اپنا مال اور بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، عام پاکستانی نان شبینہ کا محتاج ہے۔ پیپلزپارٹی، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست تباہی اور جہالت کی سیاست ہے، یہ استعمار کے سہولت کار ہیں، ان کا عالمی ایجنڈا پر اتفاق ہے، انہوں نے مل کر ایک دن میں ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کے حکم پر 36 قوانین منظور کرائے، انھوں نے ملک کی معیشت کو دیوالیہ کرنے کے ساتھ ساتھ سیاست اور سماج کو بھی تباہ کیا، ٹرانس جینڈر بل اور خاندانی تحفظ کا نام نہاد قانون بھی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اندرون سندھ جہاں پیپلزپارٹی کا ایک دہائی سے مسلسل قبضہ ہے، وہاں بھی بھوک اور غربت کا راج ہے۔ قوم کے لیے نجات کا واحد راستہ یہی ہے کہ پیپلزپارٹی، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سے جان چھڑائی جائے۔ انھوں نے ملک میں جاری مردم شماری پر بھی تمام پارٹیوں کے تحفظات دور کیے جانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے ایران، سعودی عرب تعلقات کی بحالی کو خوش آئند اور پوری امت کے لیے خوشی کی خبر قرار دیا۔ انھوں نے دونوں اسلامی ممالک کے تعلقات میں بحالی پر چین کے کردار کی بھی تحسین کی۔ انھوں نے کہا کہ ترکی اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری سے بھی امت مسلمہ کو بڑا فائدہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1046563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش