1
0
Tuesday 14 Mar 2023 03:27
موٹر سائیکل اور رکشہ والے معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں

سستا پٹرول، مفت آٹا، وزیراعظم کا غریب طبقے کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو بھی اس سکیم میں شامل ہونے کی دعوت
سستا پٹرول، مفت آٹا، وزیراعظم کا غریب طبقے کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے غریب و متوسط طبقہ کو رمضان المبارک میں ریلیف دینے کے حوالے سے بڑے فیصلے کر لیے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت غریب و متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران غریب و متوسط طبقے کو مفت آٹے کی فراہمی کا فیصلہ کیا۔ سکیم کے تحت اسلام آباد کے 10 لاکھ لوگوں کو رمضان المبارک میں مفت آٹا فراہم کیا جائے گا، وزیراعظم نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو بھی اس سکیم میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں غریب و متوسط طبقے کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد اور مضافاتی علاقوں میں رمضان کے دوران مفت آٹے کی فراہمی کی جائے گی، اس سکیم سے اسلام آباد کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے موٹر سائیکل و رکشہ والوں کو سستے پٹرول کی فراہمی کا بھی اصولی فیصلہ کیا، وزیراعظم کی ہدایت پر موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے سستے پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس کو موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کیلئے رعایتی پٹرول پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ افسروں کو پروگرام کو حتمی شکل دے کر جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکل اور رکشہ والے معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، حکومت ان کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 1046582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

قیصر عباس
Pakistan
ٹھیک
ہماری پیشکش