QR CodeQR Code

باہمی تعلقات کی بحالی کیلئے بحرین کیجانب سے بھی ایران کیساتھ گفتگو جاری ہے، روسی میڈیا

14 Mar 2023 13:20

روسی میڈیا نے آگاہ ذرائع سے نقل کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ تہران۔ریاض معاہدے کیبعد ایران کیساتھ اپنے سفارتی تعلقات استوار کرنے کیلئے اب بحرین کیجانب سے بھی گفتگو کا سلسلہ جاری ہے


اسلام ٹائمز۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات استوار کر لینے کے بعد اب بحرین بھی ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کی استواری کے لئے گفتگو میں مشغول ہے۔ اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں آگاہ ذرائع سے نقل کرتے ہوئے اسپتنک کا لکھنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لئے بحرین کی جانب سے ایران کے ساتھ انتہائی اہم گفتگو جاری ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی کا لکھنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری گفتگو بلاوسطہ نوعیت کی ہے جس میں کوئی ثالث شامل نہیں اور اسی وجہ سے توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تمام مسائل کے حل کے بارے عنقریب ہی اعلان کر دیا جائے گا۔ 

رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے مثبت نتائج کی برآمدگی کے بارے روسی خبررساں ایجنسی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا بحرینی رکن پارلیمنٹ ممدوح الصالح نے کوئی واضح جواب تو نہ دیا لیکن یہ ضرور کہا ہے کہ ایران کی ایک اعلی سطحی پارلیمانی کمیٹی نے سوموار کے روز بحرین کا دورہ کیا ہے جبکہ قبل ازیں بحرینی حکومت بھی ایران کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے اپنی تیاری کا اظہار کر چکی ہے۔ بحرینی رکن پارلیمنٹ نے اسپتنک کو مزید بتایا کہ اس حوالے سے اٹھائے جانے والے انیشی ایٹو کے سبب دونوں ممالک کے درمیان موجود اختلافات کے حل پر عنقریب ہی گفتگو کا آغاز کردیا جائے گا۔ اپنی گفتگو کے آخر میں بحرینی رکن پارلیمنٹ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات کی بحالی کے لئے مثبت کوششیں جاری ہیں جن کا نتیجہ بلا شک و شبہ مستقبل قریب میں ہی منظر عام پر آ جائے گا۔ 


خبر کا کوڈ: 1046628

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1046628/باہمی-تعلقات-کی-بحالی-کیلئے-بحرین-کیجانب-سے-بھی-ایران-کیساتھ-گفتگو-جاری-ہے-روسی-میڈیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org