QR CodeQR Code

پارلیمنٹ میں حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، کارروائی دن بھر ملتوی

14 Mar 2023 21:57

ایوان کے لیڈر پیوش گوئل نے کہا کہ لوک سبھا کے ایک لیڈر نے پارلیمنٹ اور دیگر اداروں کے بارے میں بیرون ملک میں جو تبصرہ کیا ہے وہ سنگین اور انتہائی افسوسناک معاملہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے ایک لیڈر کے ذریعہ بیرون ملک میں دیئے گئے بیان پر حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان ہنگامہ آرائی کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی مسلسل دوسرے دن کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ وہیں لوک سبھا میں بھی ہندوستانی جمہوریت کی مبینہ تذلیل کرنے اور ہنڈن برگ رپورٹ پر حکمران جماعت اور اپوزیشن کے درمیان ہنگامہ آرائی کے باعث لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ آج دوپہر کے وقفے کے بعد جیسے ہی اسپیکر جگدیپ دھنکھڑ نے ایوان کی کارروائی شروع کی تو ایوان کے لیڈر پیوش گوئل نے یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ لوک سبھا کے ایک لیڈر نے پارلیمنٹ اور دیگر اداروں کے بارے میں بیرون ملک میں جو تبصرہ کیا ہے وہ سنگین اور انتہائی افسوسناک معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ لیڈر کو اس بیان پر ملک اور ایوان سے معافی مانگنی چاہیئے۔ کانگریس سمیت اپوزیشن کے کئی ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ چیئرمین نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے اور انہوں نے اس پر قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف سے بات کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایوان کے کئی دیگر سینئر ارکان سے بھی بات کی ہے اور اس معاملے پر ٹھوس انتظامات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر انہوں نے آج ایوان میں مختلف جماعتوں کے قائدین کی میٹنگ بلائی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1046697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1046697/پارلیمنٹ-میں-حکمراں-پارٹی-اور-اپوزیشن-کی-ہنگامہ-آرائی-کارروائی-دن-بھر-ملتوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org