0
Tuesday 14 Mar 2023 21:34

توشہ خانہ چور قیادت سے ملک میں کسی تبدیلی اور خیر کی امید نہیں کی جا سکتی، جماعت اسلامی

توشہ خانہ چور قیادت سے ملک میں کسی تبدیلی اور خیر کی امید نہیں کی جا سکتی، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر پروفیسر نظام الدین میمن نے کہا ہے کہ توشہ خانہ چور قیادت سے ملک میں کسی تبدیلی اور خیر کی امید نہیں کی جا سکتی، اہل و دیانتدار قیادت ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، نام نہاد تعلیم یافتہ سرمایہ دار، وڈیرے اخلاق و کردار سے خالی ہیں، گھڑی سے لیکر گاڑی، کھجور سے انناس تک جنہوں نے نہیں چھوڑا، وہ خزانے کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، اس کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں نظام الدین میمن نے کہا کہ وزیراعظم تو پورے ملک کا ہوتا ہے، انکی جانب سے باقی ملک کو چھوڑ کر صرف پنجاب میں سستے پیٹرول اور مفت آٹے کی اسکیم سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی غیر منصفانہ تقسیم کا مسئلہ ہی حل کر لیا جائے، تو آٹا پورے ملک کیلئے سستا ہو جائے، مگر یہ خانہ پری نمائشی اقدامات سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

نظام الدین میمن نے کہا کہ حکمران مال و اقتدار کے لالچ میں اتنے اندھے ہو چکے ہیں کہ قومی مفاد اور مہنگائی کے طوفان میں غریب عوام کی چیخیں اور آہیں بھی دکھائی و سنائی نہیں دے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سر پر ہے، لیکن مصنوعی مہنگائی ختم کرنے پر کوئی سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اربوں کے بجٹ کے باوجود اسپتال میں دوائی، عوام کو انصاف اور شہریوں کو امن نہیں مل پاتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے پاس ظالم حکمرانوں سے نجات کا پیغام لیکر جائیگی، عوام اپنے حالات کی بہتری کیلئے بیدار اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں گے، تو ہی مسائل حل ہو سکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1046723
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش