QR CodeQR Code

وارنٹ منسوخی کا کیس، عدالت نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

15 Mar 2023 14:30

چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کے دو اعتراضات جوڈیشل سائیڈ پر دور کر دیئے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ رجسٹرار آفس کے چھوٹے چھوٹے اعتراضات ہیں، میں بائیو میٹرک اور دستخط والا اعتراض دور کر رہا ہوں، ٹکٹوں والا اعتراض ہے، وہ آدھے گھنٹے میں دور ہو جائے گا۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرکے سماعت شروع کردی۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث ایک کیس کی سماعت ختم ہونے پر اچانک روسٹرم پر آگئے، اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ابھی تو آپ کی درخواست فکس نہیں ہوئی، مقرر ہوئی تو دیکھوں گا، اس عدالت نے پہلے ریلیف دیا تھا، مگر اس کا کیا ہوا؟ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوا، دیکھیں گے کہ اس کے کیا نتائج ہوسکتے ہیں۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے استدعا کی کہ درخواست پر 12 بجے سے پہلے سماعت کرلی جائے۔چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ اس عدالت نے پہلے ایک راستہ دیا تھا، آپ کا کیس آج اعتراضات کے ساتھ لگا ہوا ہے، اسے دیکھیں گے، کیا آپ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے ہیں۔؟

وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ لاہور میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ عدالت کے سامنے ہے۔اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ آپ کا اپنا کیا دھرا ہے۔چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کے دو اعتراضات جوڈیشل سائیڈ پر دور کر دیئے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ رجسٹرار آفس کے چھوٹے چھوٹے اعتراضات ہیں، میں بائیو میٹرک اور دستخط والا اعتراض دور کر رہا ہوں، ٹکٹوں والا اعتراض ہے، وہ آدھے گھنٹے میں دور ہو جائے گا۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرکے سماعت شروع کردی۔ خیال رہے کہ عمران خان کی لیگل ٹیم نے گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں وارنٹ منسوخ کرنے اور فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی، تاہم رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کیا کہ عمران خان کا بائیو میٹرک نہیں کرایا گیا۔

ہائی کورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست پر گذشتہ روز سماعت کی استدعا مسترد کر دی تھی اور درخواست آج بروز بدھ سماعت کے لیے مقرر کی۔ ایک بیان میں رہنماء پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عدالت جو بھی حکم دے گی، اس پر عمل کریں گے۔ خیال رہے کہ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گذشتہ روز سے زمان پارک پر موجود ہے، جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1046858

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1046858/وارنٹ-منسوخی-کا-کیس-عدالت-نے-عمران-خان-کی-درخواست-پر-فیصلہ-محفوظ-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org