QR CodeQR Code

کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے نئے نقشہ پر کام کر رہے ہیں، سیکرٹری بلدیات

15 Mar 2023 23:50

اپنے بیان میں سیکرٹری بلدیات بلوچستان دوستین جمالدینی نے کہا کہ نقشے اور حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹی کام کررہی ہے۔ کابینہ سے اسکی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کو شیڈول جاری کرنے کیلئے رپورٹ بھیجی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری بلدیات بلوچستان دوستین جمالدینی نے کہا ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کا پرامن انعقاد حکومت اور اداروں کی بہتر حکمت عملی اور کاؤشوں کا نتیجہ ہے۔ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے نئے نقشے پر کام ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کر رہی ہے۔ مذکورہ پراسس مکمل ہونے کے بعد حلقہ بندیاں مکمل کرکے انتخابات کرائے جائیں گے۔ دوستین جمالدینی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی نئے نقشے اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔

مرتب دی جانے والی رپورٹ کو کابینہ میں پیش کرکے اسکی منظوری لی جائیگی۔ کیونکہ کوئٹہ میں انتخابات کرانے کے حوالے سے مذکورہ رپورٹ بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ یہاں کی آبادی اور دیگر چیزیں بہت حساس نوعیت کی ہیں۔ ہم تمام اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کرکے آگے بڑھیں گے۔ تاکہ کسی کو بھی اس حوالے سے تحفظات نہ ہوں۔ حب، جعفرآباد، حرمزئی، اوستہ محمد سمیت 52 یونین کونسلز میں جو انتخابات ہوئے ہیں، اُنکے نتائج آرہے ہیں۔ ٹاؤن چیئرمین کی نامزدگی کے بعد انہوں نے کام شروع کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کا شیڈول الیکشن کمیشن جاری کرے گا۔

بلدیاتی انتخابات بڑی اہمیت کے حامل تھے اور بلوچستان میں پارٹی بنیادوں پر بغیر کسی تنازعے کے تمام انتخابات کے مراحل خوش اسلوبی سے پرامن طور پر مکمل ہوئے ہیں۔ جو خوش آئند بات ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کوئٹہ میں انتخابات کے لئے نئے نقشے اور حلقہ بندیوں کے لئے کمیٹی کام کررہی ہے۔ کابینہ سے اسکی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کو شیڈول جاری کرنے کیلئے رپورٹ بھیجی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات بغیر کسی تنازعات اور افراتفری کے پرسکون ماحول میں ہوئے ہیں۔ جس میں تمام اداروں اور حکومت کی کاؤشیں اور انکا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔


خبر کا کوڈ: 1046932

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1046932/کوئٹہ-میں-بلدیاتی-انتخابات-کیلئے-نئے-نقشہ-پر-کام-کر-رہے-ہیں-سیکرٹری-بلدیات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org