QR CodeQR Code

اسٹیبلشمنٹ کب تک کرپٹ لوگوں کو ملک پر مسلط کرتی رہے گی، سراج الحق

16 Mar 2023 00:01

باجوڑ اور مہمند میں جلسہ ہائے عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اتحادی حکومت نے 11 ماہ میں ملک تباہ کر دیا، پی ٹی آئی بھی جرم میں برابر کی شریک ہے۔ مسائل کا واحد حل قومی انتخابات ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ”تحریک حقوق قبائل کارواں“ کے آغاز پر باجوڑ اور مہمند میں جلسہ ہائے عام سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدوں پر فی الفور عمل کیا جائے، علاقہ کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لانے کے لیے تاحال فنڈز دیے گئے ہیں نہ ہی آپریشن کے بعد متاثرین کی بحالی کا عمل تاحال مکمل ہوا ہے، قبائلی عوام کو عزت دی جائے، قبائلی علاقوں میں ایف سی آر اور جرگہ سسٹم کے خاتمہ کے بعد کرپشن میں بے پناہ اضافہ ہوا، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری کے واقعات ہو رہے، حکومت نے قبائلی اضلاع کو ہر سال 100 ارب روپے فنڈ دینے کا اعلان کیا تھا، ابھی تک کوئی فنڈ نہیں ملا، 30 ہزار نوجوانوں سے نوکریوں کا وعدہ کیا گیا جو پورا نہیں ہوا، نتیجہ یہ ہے کہ آج قبائلی علاقوں میں منشیات فروخت ہو رہی ہیں، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کی وارداتیں اور دیگر جرائم میں ہر آئے روز اضافہ ہوتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ ”تحریک حقوق قبائل کارواں“ اورکزئی، شمالی و جنوبی وزیرستان سے ہوتا ہوا خیبر میں 19 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا۔ باجوڑ اور مہمند کے ضلعی ہیڈکوارٹرز خار اور میاں منڈی میں ہونے والے جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت کا جلسہ گاہوں میں پہنچنے پر پُرتپاک نعروں سے استقبال ہوا۔ حقوق قبائل تحریک کے چیئرمین شاہ فیصل آفریدی اور قبائلی رہنماؤں سردار خان، ملک سعید اور سابق ایم این اے ہارون الرشید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس وقت جو دنگل اور فساد برپا ہے، جماعت اسلامی ساری صورت حال کو مسترد کرتی ہے۔ پنجاب کی نگران حکومت بھی اپنے مینڈیٹ سے تجاوز نہ کرے۔ ملک اس وقت معاشی و سیاسی لحاظ سے بستر مرگ پر ہے، عوام لاوارث ہو چکے ہیں، پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت نے 11 ماہ میں ملک تباہ کر دیا، پی ٹی آئی بھی جرم میں برابر کی شریک ہے۔ مسائل کا واحد حل قومی انتخابات ہیں، جزوی الیکشن سے انتشار مزید بڑھے گا، تمام سٹیک ہولڈرز اتفاق رائے سے ملک میں ایک ہی روز شفاف الیکشن پر راضی ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے اداروں، عدالتوں، ایوانوں اور پولیس کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا، تینوں اطراف کی لڑائی مہنگائی، غربت کے خاتمے اور امن و خوشحالی کے لیے نہیں اپنے مفادات اور کرسی کے لیے ہے۔ حکمران ٹرائیکا اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہے۔ انھوں نے اسٹیبلشمنٹ سے بھی سوال کیا کہ وہ کب تک کرپٹ لوگوں کو ملک پر مسلط کرتی رہے گی، اس عمل سے اب تک ملک کا کیا فائدہ ہوا ہے؟ امیر جماعت نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں کوئی میڈیکل کالج، یونیورسٹی اور ہسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ قبائلی عوام شدید غربت، بدامنی اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، علاقہ کا نوجوان مایوس ہے، حکمران وعدے پورے کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی ملک کو موجودہ مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے، دیگر سبھی پارٹیوں کے لیڈروں کے نام نیب کی فائلوں میں ہیں، پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز نے سب کو ایکسپوز کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رہی سہی کسر توشہ خانہ رپورٹ نے نکال دی، سب کے کرتوت سامنے آ گئے۔ عوام قومی خزانہ اور توشہ خانہ لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔ عدالتیں اور نیب کرپٹ افراد پر گرفت کرنے میں ناکام ہو گئیں، عوام ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کا احتساب کرے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں صرف جماعت اسلامی ہی ایسی جماعت ہے جس کا کوئی لیڈر کرپشن میں ملوث نہیں۔ جماعت اسلامی ملک کو جدید اسلامی فلاحی اور کرپشن فری ریاست بنانا چاہتی ہے، عوام اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔


خبر کا کوڈ: 1046935

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1046935/اسٹیبلشمنٹ-کب-تک-کرپٹ-لوگوں-کو-ملک-پر-مسلط-کرتی-رہے-گی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org