0
Thursday 16 Mar 2023 08:16

رابرٹ مالی کی IAEA کے سربراہ سے ملاقات، ایران کے بارے میں تبادلہ خیال

رابرٹ مالی کی IAEA کے سربراہ سے ملاقات، ایران کے بارے میں تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ ایرانی امور کے بارے میں امریکی حکومت کے نمائندہ خصوصی "رابرٹ مالی" نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ "رافائل گروسی" سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے ایران کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رابرٹ مالی نے کہا کہ تہران کو ایٹمی ایجنسی سے کئے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق، رابرٹ مالی نے آج صبح واشنگٹن میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی سے ملاقات کی۔ امریکی حکومت کے نمائندہ خصوصی برائے ایرانی امور نے اس خبر کی اطلاع اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر اس ملاقات کی تصویر جاری کرتے ہوئے دی۔ رابرٹ مالی نے ٹویٹ میں لکھا کہ رافائل گروسی کے ساتھ ایک تعمیری ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر میں نے انہیں IAEA کا دوبارہ ڈائریکٹر جنرل بننے پر دلی مبارک باد دی۔ انہوں نے رافائل گرسی سے اپنی ملاقات میں ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تہران میں ان کی حالیہ نشست کے بارے میں گفتگو کی اور میں نے ایٹمی توانائی ایجنسی کے لئے تشویش کا باعث بننے والے ایرانی جوہری مسائل پر ان کے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔

اس امریکی ڈپلومیٹ نے مزید کہا کہ ہم نے قریبی تعلقات برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہم نے اس بات پر زور دیا کہ ایران ایٹمی توانائی ایجنسی سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے اور اس ادارے کی ضرورت کے تحت اپنی تنصیبات تک ہر طرح کی رسائی فراہم کرے۔ دوسری جانب آئی اے ای اے کے سربراہ نے ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی میں اضافے اور مانیٹرنگ آلات کی بحالی پر امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی تنصیبات کی نگرانی کی بحالی کے عمل میں کچھ دن یا ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ رابرٹ مالی نے ایسے وقت میں ایران سے ایٹمی توانائی ایجنسی سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جب کچھ روز قبل امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان "نیڈ پرائس" نے کہا تھا کہ تھران سے جوہری معاہدہ اعتماد کی بنیاد پر نہیں بلکہ یہ ایران کے ایٹمی پروگرام کی پرامن نوعیت کی تصدیق اور نگرانی پر مبنی تھا۔
خبر کا کوڈ : 1046981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش