QR CodeQR Code

وزیر اعظم آزادکشمیر کا کشمیر کاز کیلئے ملکر آواز اٹھانے پر سیاسی جماعتوں کا شکریہ

16 Mar 2023 09:28

ایوان بالا کے یادگاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ یہ پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے سیاسی اختلافات کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لئے اپنی آواز بلند کرنے پر تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان کے سینٹ کی گولڈن جوبلی منانے کے لیے خصوصی طور پر منعقد کئے گئے یادگاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ یہ پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم نے گولڈن جوبلی منانے کے لیے سینیٹ کے یادگاری اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینا اور اصلاح کرنی چاہئے، پاکستان نے کلمہ طیبہ کے نام پر آزادی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ 1973ء کے آئین کے تحت سینیٹ  آف پاکستان کا قیام بڑی پیشرفت تھی۔انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل سے نمٹنے کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے، ملک کو درپیش چیلنجز مل کر حل کئے جا سکتے ہیں، پاکستان ایٹمی سپرپاور ہے، یہ ملک نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا، نوجوانوں کو تابناک ماضی سے روشناس کرانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اداروں ہر اعتماد ہونا چاہیے، ہمیں اپنے مسائل کا حل بھی مل جل کر نکالنا ہو گا، پاکستان ہمارا ایمان ہے مقبوضہ کشمیر میں بہادر کشمیری نو لاکھ بھارتی فوج کا جرات سے مقابلہ کر رہے ہیں، پارلیمینٹ نے کشمیریوں کے حق میں جو مشترکہ قراداد منظور کی تھی ہم اس پر آپ کے مشکور ہیں، کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں لیکن اس کو نظر انداز کرنا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آس ہم ہیں ہم نے ان کی آس کو ٹوٹنے نہیں دینا ہے، قومی اسمبلی و سینیٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہیں یہاں سے سارے فیصلے ہونے چاہیں۔


خبر کا کوڈ: 1046986

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1046986/وزیر-اعظم-آزادکشمیر-کا-کشمیر-کاز-کیلئے-ملکر-آواز-اٹھانے-پر-سیاسی-جماعتوں-شکریہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org