0
Thursday 16 Mar 2023 09:56

آزادکشمیر میں پیغام پاکستان و کشمیر قومی وحدت کانفرنس کا انعقاد

آزادکشمیر میں پیغام پاکستان و کشمیر قومی وحدت کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ مرکزی علماء و مشائخ کونسل آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر اور محکمہ مذہبی امور و اوقاف کے زیراہتمام عظیم الشان پیغام پاکستان و کشمیر قومی وحدت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی میزبانی مرکزی علماء مشائخ کونسل مذہبی امور و اوقاف آزادکشمیر نے کی۔ جس میں آزادکشمیر کے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام، سربراہان، مذہبی سکالرز، دینی جماعتوں کے نمائندگان، معروف خانقاہوں کے گدی نشین اور عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ پیغام پاکستان و کشمیر قومی وحدت کانفرنس قومی بیانیہ تاریخ ساز فتوی پیغام پاکستان کے تسلسل میں منعقد کی گئی۔ علماء مشائخ کے اس اجتماع نے پاکستان کے جید علماء اور مقتدر علماء کرام کی طرف سے 2016ء کے اندر دیے گئے اس تاریخ ساز فتوی کی روشنی میں جس کو جامع اظہر اور تمام اسلامی ممالک کے اسکالرز نے سراہا تھا کی تائید و توثیق کی اور مملکت خداداد پاکستان کے مختلف حصوں میں پھر سے دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرآن و سنت کی روشنی میں مسترد کیا اور اس بات کا عزم کیا کہ ریاست پاکستان جس کا دستور اسلامی و جمہوری ہے اور جس کا قانون قرآن و سنت سپریم لاء ہے اور جس کا سرکاری مذہب اسلام ہے اس ملک میں کسی بھی طرح کی خانہ ساز شریعت کے علمبرداروں کی طرف سے فتنہ و فساد کو مسترد کیا جاتا ہے اور اس سلسلے میں افواج پاکستان نے سکیورٹی کے اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

اس بات کا عزم کیا گیا کہ استحکام پاکستان کے لیے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اور اقامت دین کے لئے عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم ک لیے امت کے اتحاد اور وحدت کے لیے تمام دینی طبقات اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں گے۔ کانفرنس کی میزبانی کرتے ہوئے مرکزی علماء و مشائخ کونسل کے چیئرمین علامہ امتیاز احمد صدیقی نے پوری ریاست سے آئے ہوے جید مقتدر علماء کرام مشائخ اور شخصیات کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مشیر مذہبی امور و اوقاف صاحبزاہ علامہ حافظ حامد رضا جانشین حضور محدث سیالکوٹی نے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر صورت میں ملک کے اندر اتحاد اتفاق کی فضا کو قائم رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا خطہ پورے ملک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے جو مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام اور تمام دینی طبقات کا ایک دوسرے سے رابطہ اس آزاد خطہ میں ہے یہ پورے ملک کے لیے ایک بہترین مثال ہے اس کا بہترین مظہر آج کا علماء مشائخ کا یہ نمائندہ اجتماع ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کو دنیا بھر کے اندر سراہا گیا ہے۔ ہزاروں علماء کی محنت سے قومی بیانیہ کو تیار کیا گیا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو قومی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر اس کی تشہیر کی جائے اور ملک کے اندر مساوات عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ ہم آزادکشمیر میں منعقدہ اس عظیم نمائندہ علماء مشائخ کے اجتماع کے ذریعے سے پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ہر طرح کی دہشت گردی، فرقہ واریت کو ملک دشمن روش کو مسترد کرتے ہیں اور متحد و متفق ہو کر ملک کی سلامتی، عوام کی بھلائی اور استحکام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1046989
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش