QR CodeQR Code

وزیراعظم ریاست میں زکوٰة کے نظام کو شفاف بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں، توصیف عباسی

16 Mar 2023 11:39

ترجمان وزیراعظم کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ زکوٰة کے نظام میں شفافیت کے لیے حکومت کسی بڑی فرم سے شیڈول بینکوں کا آڈٹ کروائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر کے ترجمان توصیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعطم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان ریاست میں زکوٰة کے نظام کو شفاف بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں، وزیراعطم کا واضح حکم ہے کہ زکوٰة کی مد میں خردبرد کرنیوالوں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ وزیراعطم چاہتے ہیں کہ زکوٰة کی رقم مستحقین تک پہنچے تاکہ وہ اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ آزادکشمیر میں موجود شیڈول بینک جتنی زکوٰة اکٹھی کر رہے ہیں وہ اس حساب سے رقم آزادحکومت کو منتقل نہیں کر رہے حکومت کی خواہش اور کوشش ہے کہ ریاست میں زکوٰة کا نظام مثالی ہو، شیڈول بینک زکوٰة کے پیسے پورے نہیں دیتے بلکہ نہ ہونے کے برابر ادا کرتے ہیں لہذا حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ زکوٰة کے نظام میں شفافیت کے لیے حکومت کسی بڑی فرم سے شیڈول بینکوں کا آڈٹ کروائے گی تاکہ اس زکوٰة کی مد میں آزادکشمیر بھر سے جمع ہونے والی رقم کا صیحیح اندازہ لگایا جا سکے اور پوری رقم وصول کر کے مستحقین زکوٰة تک پہنچائی جا سکے۔

اسکے ساتھ ساتھ سٹیٹ بینک کے ذریعے اور عدالتوں کے ذریعے اس میں خردبرد کرنے والے عناصر کو سخت سزائیں بھی دلوائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعطم کو غریبوں کا درد ہے وہ چاہتے ہیں کہ رمضان المبارک کا مہینہ قریب آ رہا ہے اس سے پہلے ہر مستحق تک یہ رقم پہنچ جائے تاکہ وہ اپنے اخراجات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعطم نے زکوٰة کی رقم کو کسی بھی مد میں اخراجات پر استعمال کرنے پر سخت پابندی لگائی ہے، پہلے تین ہزار لینے والے مستحقین کو اب 36 ہزار ملیں گے یہ اضافی رقم مستحقین کیلیے ایک بڑا اضافہ ہے جس کا مقصد ایسے افراد کو مدد فراہم کرنا ہے جو اس کی استطاعت نہیں رکھتے۔


خبر کا کوڈ: 1047006

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047006/وزیراعظم-ریاست-میں-زکو-ة-کے-نظام-کو-شفاف-بنیادوں-پر-استوار-کرنا-چاہتے-ہیں-توصیف-عباسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org