0
Thursday 16 Mar 2023 13:08

عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے، ریڈلائن کو کسی صورت کراس نہیں کرنے دیں گے، زین حسین قریشی

عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے، ریڈلائن کو کسی صورت کراس نہیں کرنے دیں گے، زین حسین قریشی
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر و سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک، حاجی جاوید اختر انصاری اور معین ریاض قریشی نے کہا ہے کہ نگران  جانبدار حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے پرامن کارکنوں پر تشدد قابل مذمت ہے، نگران حکومت امپورٹڈ حکومت کی ایکسٹیشن کے طور پر کام کررہی ہے۔ یہ لوگ مائنس ون فارمولا پر عملدرآمد کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایسا ممکن نہیں۔ عمران خان ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کو کسی صورت کراس نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا نگران جانبدار حکومت انتشار کی سیاست کررہی ہے۔ یہ حکومت اختیارات سے تجاوز کررہی ہے۔ ان لوگوں نے تحریک انصاف کے پرامن اور نہتے کارکنوں پر حملہ کیا۔ زمان پارک کو میدان جنگ بنا دیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں پر طاقت تشدد اور جبر کا استعمال فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔ یہ لوگ قانون اور آئین سے ماورا اقدامات کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کا جرم صرف اتنا ہے کہ انہوں نے اپنے حق کے لئے آواز بلند کی۔

 انہوں نے کہا عمران خان نے آئین اور قانون کی پاسداری کی اور تمام کارکنوں کو پرامن رہنے کا سبق دیا، لیکن یہ جانبدار نگران حکومت اور امپورٹڈ حکومت کی خواہش صرف اور صرف فساد اور بدامنی پھیلانا ہے تاکہ الیکشن سے راہ فرار اختیار کرسکیں۔ انہوں نے کہا نگران حکومت نے پنجاب میں الیکشن کروانے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات کو پس پشت ڈال دیا ہے یہ لوگ نقص امن کا مسئلہ بنا کر الیکشن کو ملتوی کرنے کا جواز پیدا کررہے ہیں۔ تحریک انصاف ان کے ہتھکنڈوں کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ ان لوگوں کو سیاسی میدان سے بھاگنے نہیں دیں گے بلکہ ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی تاریخ میں فیصلہ کن موڑ آگیا ہے۔ پاکستان کی عوام کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہے کہ انہوں نے حقیقی آزادی کی جدوجہد میں عمران خان کا ساتھ دینا ہے یا چوروں اور لٹیروں کا ساتھ دینا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1047010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش