QR CodeQR Code

مہاراشٹر میں کسانوں کا احتجاجی مارچ جاری، حکومت کیساتھ دوسرے دور کا مذاکرہ

16 Mar 2023 21:40

پی ایس پرساد نے کہا کہ سڑک کے دونوں کناروں کے کئی چھوٹے چھوٹے گاؤں میں مقامی لوگ مارچ میں شامل کسانوں کا استقبال کرنے کیلئے نکلتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مہاراشٹر کے پریشان کسانوں کا ناسک سے ممبئی کے لئے 175 کلومیٹر طویل مارچ جاری ہے۔ اس درمیان مارچ میں شامل کچھ خواتین سمیت کم از کم 40 کسان بیمار پڑ گئے ہیں۔ کسانوں کا آج شندے حکومت کے ساتھ دوسرے دور کا مذاکرہ بھی ہونا ہے جس سے سبھی کو بہت امیدیں ہیں۔ اس درمیان پدیاترا کر رہے کسانوں کے ترجمان پی ایس پرساد نے کہا کہ مارچ میں شامل کئی لوگ گرمی کے سبب جسم میں پانی کی کمی والی علامتوں کے ساتھ چکر آنا، سر درد، کمزوری وغیرہ سے متاثر ہیں۔ کئی لوگوں کے پیروں میں زخم بھی ہو گئے ہیں۔ پی ایس پرساد کا کہنا ہے کہ سویم سیوکوں کے ذریعہ انہیں موقع پر ہی ضروری علاج مہیا کرایا جا رہا ہے۔ کچھ لوگوں کو ابتدائی علاج، پٹی باندھنے یا دیگر بنیادی علاج کے لئے مقامی پرائمری ہیلتھ سنٹر میں لے جایا گیا ہے۔ احتجاج کرنے والوں کے ساتھ ایک ایمبولنس بھی چل رہی ہے۔ اب تک کسانوں کے خلاف کوئی سنگین معاملہ درج نہیں کیا گیا ہے۔ مارچ میں خواتین کے ساتھ 15 ہزار سے زیادہ کسان شامل ہیں۔ وہ اپنے مطالبات کو ظاہر کرنے کے لئے تختیوں، بینروں، جھنڈوں، پوسٹروں وغیرہ کے ساتھ چل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اے آئی کے ایس (آل انڈیا کسان سبھا) اور دو وزراء کے درمیان بدھ کی دیر شب ہوئے مذاکرہ کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کل کسانوں کے نمائندوں کے ساتھ آگے کا مذاکرہ کریں گے۔ اے آئی کے ایس لیڈر جیوا پانڈو گاوِت نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے 17 نکاتی مطالبات کے 40 فیصد کا جواب دیا ہے۔ پانڈو گاوِت نے واضح کیا کہ اگر ریاستی حکومت کا رجحان عدم اطمینان والا رہا تو ’لانگ مارچ‘ جاری رہے گا۔ دوسری طرف ناسک سے ممبئی تک 174 کلومیٹر طویل ’لانگ مارچ‘ جمعرات کو چوتھے دن میں داخل ہوگیا۔ مارچ جہاں جہاں سے گزر رہا ہے لوگ اس کا استقبال کر رہے ہیں۔ پرساد نے کہا کہ سڑک کے دونوں کناروں کے کئی چھوٹے چھوٹے گاؤں میں مقامی لوگ مارچ میں شامل کسانوں کا استقبال کرنے کے لئے نکلتے ہیں۔ انہیں کھانا، پانی، چائے وغیرہ دیتے ہیں اور اپنا اتحاد ظاہر کرتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ ان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے کچھ دور تک پیدل سفر میں شامل بھی ہوتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1047055

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047055/مہاراشٹر-میں-کسانوں-کا-احتجاجی-مارچ-جاری-حکومت-کیساتھ-دوسرے-دور-مذاکرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org