0
Thursday 16 Mar 2023 21:36

پیپلز پارٹی اب ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر یہ چوہے بلی کا کھیل بند کرے، سردار رحیم

پیپلز پارٹی اب ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر یہ چوہے بلی کا کھیل بند کرے، سردار رحیم
اسلام ٹائمز۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے پیپلز پارٹی کی بلائی ہوئی کثیر الجماعتی کانفرنس  کو ٹوپی ڈرامہ قرار دیتے ہوئے رد کردیا۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے  سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 17 مارچ کو بلوائی گئی ملٹی پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ موصول ہوا لیکن جی ڈی اے نے باہمی مشاورت کے بعد کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے خلاف پرامن جدوجہد کو سبوتاژ کرنے لئے پیپلز پارٹی نے ملٹی پارٹیز کانفرنس کا ڈرامہ رچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب ایم کیو ایم کے ساتھ یہ چوہے بلی کا کھیل بند کرے، رجیم چینج کے وقت ایم کیو ایم کو ہر قسم کا لالی پوپ دیا گیا تھا لیکن اب بند گلی سے نکلنے کیلئے پیپلز پارٹی ڈیجیٹل مردم شماری پر ملٹی پارٹیز کانفرنس کرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے چمٹے رہنے کیلئے پیپلز پارٹی نے سندھ کا سودا کیا اور دس سال کے بجائے پانج سال میں مردم شماری کروا کر اپنی حلیف جماعت سے وفاداری نبھائی، بغیر شناختی کارڈ کے مردم شماری دنیا میں کہیں نہیں ہوتی ہے؟ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ موجودہ مردم شماری بھی 2018ء کے فراڈ انتخابات سے مختلف نہیں ہے، فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے نے سب سے پہلے اس فراڈ مردم شماری کو یکساں مسترد کردیا تھا، آج بھی اس فیصلے پر قائم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ گزشتہ حکومت میں سی سی آئی کے اجلاس میں ہوا تھا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے اختلافی نوٹ لکھ کر اعتراض اٹھایا تھا تو پھر پیپلز پارٹی بتائے کہ رجیم چینج کی خاطر انہوں نے ایم کیو ایم سے مردم شماری دس سال سے پہلے پانج سال میں کرانے پر رضامندی کیوں ظاہر کی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کا سودا کرنے کے لئے تیار تھی۔ انہوں نے کہا کہ کیا سندھ حکومت کو نہیں معلوم کہ سیلاب کے باعث سندھ کا تیس فیصد حصہ ڈوب گیا ہے، لاکھوں لوگ بے گھر ہیں، ان غریبوں کو سندھ حکومت کی جانب سے آج تک کوئی امداد نہیں ملی اور متاثرہ خاندان دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں، ہزاروں معصوم بچے اور بزرگ مختلف امراض میں مبتلا ہیں، نوشہرو فیروز میں تین دن کے اندر 66 بچے لقمہ اجل بن گئے ہیں مگر سندھ کے حکمرانوں کی بے حسی ختم نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ملٹی پارٹیز کانفرنس عوام کے ساتھ فریب کے سوا کچھ نہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1047063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش