QR CodeQR Code

عمران خان پر اسلام آباد کی کچہری میں قاتلانہ حملے کی 100 فیصد مصدقہ معلومات تھیں، فواد چوہدری

16 Mar 2023 21:46

لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ غریب کی کمر توڑنے اور اس کو جیتے جی مارنے کی سازش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے پاس پی ٹی آئی سربراہ عمران خان پر اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری میں قاتلانہ حملے کی 100 فیصد مصدقہ معلومات تھیں جس کی وجہ سے وہ توشہ خانہ کیس کی سماعت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ غریب کی کمر توڑنے اور اس کو جیتے جی مارنے کی سازش ہے، حکومت نے یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا جب کہ دنیا میں تیل کی قیمت کم ترین سطح پر ہے۔

 
فواد چوہدری نے کہا کہ جب دنیا میں تیل 110، 112 ڈالر پر تھا، اس وقت پاکستان میں پیٹرول 145 روپے تھا، گزشتہ چند ماہ کے دوران اس کی قیمت میں دگنے سے بھی زیادہ اضافہ کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان تمام معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے عمران خان کی گرفتاری کا ایک بہانہ بنائے ہوئے ہے، حکومت کے پاس عمران خان کی گرفتاری کا ایک مقصد ہے اور وہ مقصد یہ ہے کہ جس طرح سے شریف خاندان اور زرداری نے توشہ خانہ پر جھاڑو پھیرا ہے، اس پر بات نہ ہو، احتساب اور امن و امان کی صورتحال پر بات نہ ہو، اس لیے وہ پوری قوم کی توجہ عمران خان کے اوپر لگوائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مسائل کی وجہ سے پاکستان کمزور ہو رہا ہے، قوم تقسیم ہو رہی ہے، معیشت کمزور ہو رہی ہے اور اب جس طرح سے الیکشن ملتوی کرنے کے بہانے تراشے جا رہے ہیں تو لگ رہا ہے کہ پورا آئین ہی خطرے میں ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے ساتھ ردی کی ٹوکری کی طرح کا برتاؤ کیا جا رہا ہے، دل کرتا ہے تو عدالت کے حکم پر عمل کیا جاتا ہے، دل نہیں کرتا تو عمل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے انتظامیہ سے ملاقات کے لیے تیار ہے اور ہمیں کسی کے ساتھ بات کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز لاہور کے شہریوں کو ریلیف دیا، زمان پارک میں پولیس کارروائی روک کر ہمیں نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دیا گیا تھا، آج اس ریلیف میں توسیع کردی ہے اور شہری انتظامیہ اور پی ٹی آئی دونوں کو ہدایت کی کہ مل کر بیٹھیں اور اس معاملے پر بات چیت کے بعد آگے بڑھیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان 4 عدالتوں میں پیش ہوئے، لیکن پانچویں عدالت میں وہ پیش نہیں ہوئے، مسئلہ یہ تھا کہ مصدقہ اطلاع تھی کہ ایف 8 کچہری میں عمران خان پر حملہ ہونا ہے، اس لیے ہم نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت میں جوڈیشل کمپلیکس یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضر ہونے کی اجازت دی جائے۔


خبر کا کوڈ: 1047064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047064/عمران-خان-پر-اسلام-آباد-کی-کچہری-میں-قاتلانہ-حملے-100-فیصد-مصدقہ-معلومات-تھیں-فواد-چوہدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org