اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، ہر روز کسی نہ کسی چیز کی قیمت میں اضافہ ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے، جیسے ہی حکومت کی جانب سے بجلی، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا اعلان ہوتا ہے تو ناجائز منافع خور عوام کو لوٹنے میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر آٹا، چینی، گھی، پکوان تیل، سبزیاں، پھل، گوشت، دودھ و دیگر اشیائے خوردونوش اور ٹرانسپورٹ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کردیتے ہیں۔ حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی اور سیاسی حالات خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہوسکتے، حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو چاہیئے کہ سیاسی کشیدہ صورت حال کو ختم کرنے کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔