0
Thursday 16 Mar 2023 22:46

ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی پاک ترکیہ جوائنٹ وینچر جاری رہیگا، ترک قونصل جنرل

ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی پاک ترکیہ جوائنٹ وینچر جاری رہیگا، ترک قونصل جنرل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی جوائنٹ وینچر جاری رہے گا، ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی ترک قونصل جزل جمال سانگو نے جامعہ این ای ڈی کے شعبہ الیکٹرونکس اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ کے تحت دوسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے کی۔ ترک قونصل جزل جمال سانگو نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ایسی کانفرنس کا انعقاد قابل تحسین ہے، پاک ترکیہ دوستی زندہ باد، دونوں ممالک ایک دوسرے کا ساتھ دیتے آئے ہیں اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی جوائنٹ وینچر جاری رہے گا۔ پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا کہ موجودہ دور کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس کانفرنس سے ٹیکنالوجی کے میدان میں بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، تحقیق کے تبادلے سے نئی راہیں کھلتی ہیں، جو کہ تحقیق کار کو وسعت النظری بخشتی ہیں۔ معین الجامعہ نے ملکی اور غیر ملکی ماہرین سمیت کانفرنس آرگنائزر کی کاوشوں کو سراہا۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا کہ جدید دور اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنا ناممکن کو ممکن کرتا ہے، این ای ڈی میں عالمی کانفرنس قابل داد ہے۔ جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق 15 اور 16 مارچ کو این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹرونکس اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت منعقدہ اس دوسری دو روزہ عالمی کانفرنس میں 9 کی نوٹ اسپیکرز، جن میں 5 بین الاقوامی اور 4 قومی ماہرین سمیت 11 صنعتی ماہرین اور 26 تحقیق کاروں نے مقالے پڑھے۔ چیئرمین شعبہ الیکٹرونکس اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ ڈاکٹر عمران اسلم اور ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعد قاضی نے بتایا کہ اس کانفرنس میں جدید ٹیکنالوجی کو موضوع بحث بنایا گیا، جس میں پودوں کی چِپ سے مانیٹرنگ، بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال سے سپلائی چین کی بہتری سمیت وائر لیس کمیونیکیشن کی 5G اور 6G میں بہتری سے متعلق پیپرز پڑھے گئے۔ چیئرمین ڈاکٹر عمران اسلم نے کہا کہ این ای ڈی چِپ ڈیزائننگ کر چکی ہے، اب اگلے مراحل کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 1047075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش