QR CodeQR Code

ملک کے حاکم بتائیں جنوبی وزیرستان میں حملہ کرنیوالا ڈرون کس کا تھا، پروفیسر ابراہیم

17 Mar 2023 00:27

صدہ میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر قبائلی اضلاع کو سینیٹ میں نمائندگی دی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کا تحریکِ حقوقِ قبائل کاروان دوسرے روز اورکزئی اور بعد ازاں ضلع کرم پہنچا۔ کاروان کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان، شاہ فیصل آفریدی، سردار خان، زر نور آفریدی اور دیگر کررہے تھے۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے اپر جنوبی وزیرستان کے گاؤں زنگاڑہ خدرائی میں ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور معصوم بچوں کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حاکم بتائیں ڈرون کس کا تھا اور معصوم بچوں کا قاتل کون ہے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ امن و امان، تعلیم، صحت، روزگار، عدل و انصاف کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ قبائلی عوام کے حقوق حکومت پر قرض ہیں، حکومت نے انضمام سے قبل قبائل سے جتنے بھی وعدے کیے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر قبائلی اضلاع کو سینیٹ میں نمائندگی دی جائے، وفاقی مجموعی فنڈ میں مسلم لیگ کی حکومت نے سابقہ فاٹا کو 3 فیصد حصہ دینے کا حق تسلیم کیا تھا لیکن آج تک کچھ نہیں ملا، ہر سال سو ارب روپے دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن ابھی تک ایک پائی بھی نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی علاقوں کی ترقی، تعلیم، صحت، روزگار اور فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں پر یہ رقم خرچ کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کا سال ہے، قوم کی دولت لوٹنے والے میدان میں آئیں گے اور لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کے ضمیر خریدیں گے۔ عوام ان لوگوں کو مسترد کردیں۔ ووٹ ایک اور امانت ہے۔ ووٹ کی طاقت سے ان چوروں اور لٹیروں سے اپنی محرومیوں کا انتقام لیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس امانت دار اور دیانتدار قیادت موجود ہے، آپ جماعت اسلامی کو اقتدار دلائیں، ہم آپ کے اور اس ملک کے مسائل حل کردیں گے۔ حالات اور واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے چھٹکارے کے لیے حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے قبائلی عوام کے حقوق کی تحریک شروع کی ہے۔ تحریک کی کامیابی کے لیے اس میں قبائلی عوام کی شمولیت شرط ہے۔ جماعت اسلامی ہی قبائلی عوام کو حقوق دلائے گی۔ 


خبر کا کوڈ: 1047091

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047091/ملک-کے-حاکم-بتائیں-جنوبی-وزیرستان-میں-حملہ-کرنیوالا-ڈرون-کس-کا-تھا-پروفیسر-ابراہیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org