0
Friday 17 Mar 2023 02:47
عمران خان سے پارٹی صدر چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات

خوفزدہ حکومت لندن پلان کے تحت الیکشن سے پہلے میری گرفتاری یا نااہلی چاہتی ہے، عمران خان

سپریم کورٹ کے حکم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، پرویز الہٰی
خوفزدہ حکومت لندن پلان کے تحت الیکشن سے پہلے میری گرفتاری یا نااہلی چاہتی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے صدر پی ٹی آئی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے زمان پارک میں ملاقات کی ہے، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی، قانونی اور عدالتی معاملات پر بات چیت کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی جانب سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں کئے گئے آپریشن کی مذمت کی گئی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت انتخابات سے خوفزدہ اور انتقامی کارروائیوں میں اندھی ہوچکی ہے، اپنے کارکنوں پر فخر ہے کہ وہ ظلم کے ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت لندن پلان کے تحت الیکشن سے قبل میری گرفتاری یا نا اہلی چاہتی ہے، میں عوام سے کہتا ہوں کہ انتخابات میں کرپٹ مافیا کے خلاف باہر نکلنا ہے۔

دوسری جانب  پرویز الٰہی نے ملاقات کے دوران کہا کہ انتخابات کروانے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے الیکشن نہیں روک سکتے۔ پی ٹی آئی صدر نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی رہائشگاہ پر پولیس آپریشن مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی خواہش پر کیا جا رہا ہے اور آپریشن کے دوران انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ پرویز الٰہی نے صوبائی نگران حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت وفاقی حکومت کی کٹھ پتلی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1047123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش