QR CodeQR Code

مقبوضہ فلسطین میں کشیدگی کے اضافے پر اردن کا انتباہ

17 Mar 2023 07:13

حماس نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جمعرات کے روز جنین پر اسرائیلی جارحیت کے جواب میں قاہرہ میں ہونیوالے اجلاس سے دستبردار ہو جائے۔


اسلام ٹائمز۔ اردن کی وزارت خارجہ نے جنین شہر پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی اور کشیدگی میں اضافے پر انتباہ جاری کیا ہے۔ اردن نے صیہونی حکومت سے فلسطینیوں کے خلاف اپنی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان "سنان المجالی" نے اسرائیل سے اپنی یک طرفہ مسلسل جارحیت کو بند کرنے کا مطالبہ کیا اور ان حملوں میں فلسطینی شہریوں کی حفاظت پر زور دیا۔ سنان المجالی نے جنین پر صیہونی جارحیت کی مذمت کی۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے خلاف لشکر کشی اور ان حملوں کو روکنے کے حوالے سے اردن کے موقف پر زور دیا۔ ترجمان وزارت خارجہ نے ان حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوامی غم و غصے میں اضافہ ہوگا اور امن کے لئے جاری کوششیں کمزور ہوں گی۔ واضح رہے کہ گذشتہ شب قابض صیہونی فورسز نے مغربی کنارے کے شہر جنین میں فلسطینیوں کے خلاف حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اور 23 افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب حماس نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جمعرات کے روز جنین پر اسرائیلی جارحیت کے جواب میں قاہرہ میں ہونے والے اجلاس سے دستبردار ہو جائے۔ نیز فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری کی عدم سنجیدگی کو فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے حملوں میں اضافے کا سبب قرار دیا۔ اس وقت مقبوضہ سرزمین بالخصوص مغربی کنارے کی صورتحال خاصی تشویشناک ہے۔ فلسطینی مزاحمت کار ہر ممکن وسیلے سے صیہونی حکومت کے جرائم کا جواب دیتے رہتے ہیں۔ جس سے غاصب صیہونیوں کے لئے حالات خاصے پریشان کن دکھائی دیتے ہیں۔ اس سے قبل صیہونی فورسز صرف غزہ میں فلسطینیوں سے برسر پیکار تھیں، لیکن مغربی کنارے میں فلسطینی جوانوں کے مسلح ہونے کے بعد یہ علاقہ بھی بزدل صیہونیوں کے لئے غیر محفوظ ہوچکا ہے اور غاصب صیہونیوں سے ان کی نیند چھین چکا پے۔


خبر کا کوڈ: 1047125

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047125/مقبوضہ-فلسطین-میں-کشیدگی-کے-اضافے-پر-اردن-کا-انتباہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org