QR CodeQR Code

ہم اتوار سے فوج میں ڈیوٹی نہیں کرینگے، صیہونی اسپیشل فورسز

17 Mar 2023 09:02

صیہونی فضائیہ کے سو اہلکاروں نے اپنے ائیر چیف کو لیٹر لکھ کر اطلاع دی کہ وہ آئندہ ریزرو فورسز میں اپنی ڈیوٹی جاری نہیں رکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ صیہونی ریزرو فورسز میں سو کے قریب فوجیوں نے گذشتہ شب اعلان کیا ہے کہ ہم عدالتی اصلاحاتی بل کے خلاف احتجاجاََ اتوار سے اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے۔ صیہونی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی انٹیلیجنس اداروں شاباک، موساد اور آپریشنل کمانڈ کے سینکڑوں اہلکاروں نے اعلان کیا ہے کہ ہم اتوار کے روز سے اپنے فرائض سرانجام نہیں دیں گے۔ ان فورسز نے اپنے بیان میں اعلان کیا کہ اتوار کو پہلا آمرانہ قانون اپنی دوسری اور تیسری ریڈنگ کے بعد پاس کر لیا جائے گا، جو کہ ایک وحشتناک دن ہوگا۔ اس کے علاوہ ائیر فورس کے سو افراد نے اپنے ائیر چیف کو لیٹر لکھ کر اطلاع دی کہ وہ آئندہ ریزرو فورسز میں اپنی ڈیوٹی جاری نہیں رکھیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مقبوضہ علاقوں کے باشندے نیتن یاہو کی کابینہ کی جانب سے پیش کردہ عدالتی اصلاحاتی بل کو آئینی بغاوت سے تعبیر کرتے ہیں۔ اس بل کے مطابق عدلیہ کے اختیارات کو کم کیا جائے گا اور صیہونی حکومت کے قانون ساز و ایگزیکٹو اداروں کو مضبوط کیا جائے گا۔ اس بل کے تحت صیہونی کابینہ کے عدالتی مشیر کے ساتھ ساتھ دیگر وزارتوں کے عدالتی مشیران کے اختیارات کو سلب کر لیا جائے گا اور وزیر کے پاس اس بات کا اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی عدالتی مشیر کو اپنے دفتر میں تعینات اور ہٹا سکتا ہے۔ اس بل کو گذشتہ ہفتے کنسٹ کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اس کی حمایت میں 63 اور مخالفت میں 47 ووٹ پڑے۔ اس بل کو قانونی شکل دینے کے لئے تین دفعہ ووٹنگ کروانی پڑے گی۔

گذشتہ ہفتے پہلی دفعہ اس پر ووٹنگ ہوچکی ہے اور اسے اکثریت رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔ اب دوسری اور تیسری مرتبہ بھی اس ووٹنگ ہوگی، جس کے بعد اسپیشل کمیشن میں ووٹنگ کے بعد اسے ایک قانون کی حیثیت حاصل ہوگی۔ نتین یاہو کو گذشتہ سالوں سے کرپشن، رشوت اور خیانت کے الزام میں عدالتی ٹرائل کا سامنا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس بل کے لانے کا مقصد عدالتی تحقیقات سے فرار ہے۔ سابق صیہونی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے اس بات کا انکشاف کیا کہ نیتن یاہو اور اس کی جماعت اس لئے عدالتی نظام میں اصلاحات کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ بنیامین نیتن یاہو کو عدالت سے ریلیف مل سکے۔ دوسری جانب صیہونی باشندے اس بل کو بغاوت قرار دیتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1047129

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047129/ہم-اتوار-سے-فوج-میں-ڈیوٹی-نہیں-کرینگے-صیہونی-اسپیشل-فورسز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org