0
Friday 17 Mar 2023 12:32

غلامی نامنظور کا نعرہ آج عوام کا مقبول ترین نعرہ بن چکا ہے، علامہ مقصود ڈومکی

غلامی نامنظور کا نعرہ آج عوام کا مقبول ترین نعرہ بن چکا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے مدرسہ صاحب العصر دادو میں مدرسے کے پرنسپل مولانا صادق علی نجفی اور خیرپور ناتھن شاہ میں مولانا جاوید علی چانڈیو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی نائب صدر مولانا عبداللطیف گوپانگ اور برادر اصغر علی حسینی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مدرسہ صاحب العصر کے بانی علامہ محمد رضا نجفی کی مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے خیرپور ناتھن شاہ میں مولانا جاوید علی چانڈیو و دیگر مومنین سے بھی ملاقات کی۔

خیرپور ناتھن شاہ اور دادو میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت الیکشن سے فرار کر رہی ہے۔ جبکہ آئین پاکستان اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود الیکشن ملتوی کرنے کے بہانے ڈھونڈے جا رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں جمہوری کلچر کے بجائے اسے دو خاندانوں کی جاگیر بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں غیر ملکی مداخلت کا خاتمہ اور آئین و قانون کی بالادستی چاہتی ہے۔ غلامی نامنظور کا نعرہ آج عوام کا مقبول ترین نعرہ بن چکا ہے۔ جبکہ امریکہ اور امریکی غلام آج عوامی غیض و غضب کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ متنازعہ نصاب تعلیم کو مکمل طور پر رد کر چکی ہے۔ ناعاقبت اندیش حکمران اور مقتدر حلقے زبردستی سات کروڑ شیعوں پر ان کے بنیادی عقائد اور دینی تعلیمات کے خلاف نظریات مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ فرقہ وارانہ نفرتوں کے علمبردار متعصب فرقہ پرست ملا کو وزیر مذہبی امور بنا کر وزارت مذہبی امور کو نفرتوں کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے۔ متعصب وزیر اسلامی نظریاتی کونسل کے واضح فیصلوں کے باوجود متنازعہ درود شریف کی اصلاح کے لئے تیار نہیں ہے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم یونٹس کی لائبریری کے لئے مولانا عبداللطیف گوپانگ اور اصغر علی حسینی کو کتابوں کے تحفے پیش کئے۔
خبر کا کوڈ : 1047150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش