0
Friday 17 Mar 2023 13:31

زرعی ترقی کے بغیر ریاست معاشی و اقتصادی نہیں کر سکتی، سردار تنویر

زرعی ترقی کے بغیر ریاست معاشی و اقتصادی نہیں کر سکتی، سردار تنویر
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر میں زرعی ترقی کے لیے آزادکشمیر کے زرعی رقبہ کے تحفظ کا ایکٹ بنا دیا گیا ہے جس کے تحت زرعی زمین کسی غیر زرعی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکے گی۔ گزشتہ ادوار میں محکمہ زراعت کو نظرانداز کیا گیا جس کے باعث آزادکشمیر میں زرعی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ نہ ہو سکا۔ زراعت اور لائیو سٹاک پر توجہ دی جاتی تو آج آزادکشمیر زرعی اجناس کے حوالے سے خودکفیل ہو چکا ہوتا۔ محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک اپنی کارکردگی بڑھائے اور دونوں شعبوں کی ترقی پر توجہ دے۔ سردار تنویر کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں کی عدم توجہ کے باعث سونا اگلتی زمینوں نے فصل دینا چھوڑ دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر فیزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان، وزیر خوراک چوہدری علی شان سونی، وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری زراعت لائیوسٹاک و آبپاشی سردارجاوید ایوب، کمشنر چوہدری شوکت علی، ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد محمود چوہان، ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال، ڈی جی منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری محمد منشاء نقشبندی، چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا، میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت آصف جمیل، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر قیوم بٹ، ڈاکٹر مجاہد یونس اور دیگر محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک اور آبپاشی کے افسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک و آبپاشی سردار جاوید ایوب نے محکمانہ بریفننگ دی اور بتایا کہ اس وقت آزادکشمیر میں 4 لاکھ 84 ہزار 3 سو 45 ایکڑ کنال قابل کاشت رقبہ ہے جس میں سالانہ 5 فیصد اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے اس طرح محکمہ زراعت کی سطع پر جدید طریقہ کاشت کو کسانوں میں متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ ان کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ زرعی ترقی کے بغیر معاشی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی نہیں آ سکتی۔ آزادکشمیر میں  گندم، مکئی، سبزیات، پھولوں اور پھلوں کے باغات اگائے جائیں اس کے ساتھ لائیوسٹاک کو ترقی دی جائے تاکہ یہاں خوراک، گوشت اور دودھ کی ضرورت پوری ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جدید ٹیکنالوجی استعمال کر کے زرعی لحاظ سے خودکفیل ہو رہی ہے لیکن آزادکشمیر میں جدید طریقہ کاشت کو استعمال نہیں کیا جا رہا جس کے باعث فصلوں کی پیداوار کے نتائج حوصلہ افزاء نہیں ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی زرعی زمین پر ہر قسم کی قیمتی اجناس سمیت زیتون، زعفران اور چائے کی کاشت کو بھی متعارف کروایا جائے اس طرح ہر قسم کے پھلوں کے باغات بھی لگائے جا سکتے ہیں، ہمیں معمولی ضرورت کے پھول بھی باہر سے منگوانے پڑتے ہیں اگر پھولوں کی پیداوار پر ہی توجہ دی جائے تو یہ بھی ایک منافع بخش کاروبار ہے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں موسم گرما اور سرما کی فصلوں سمیت باغات لگانے پر توجہ دی جائے۔ ڈویژن میرپور میں میرپور، بھمبر، برنالہ، کھڑی شریف میں گندم اور چاول کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ زرعی توسیع مراکز میں کسانوں کو زرعی مشورے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اگاہ کیا جائے۔ اس طرح آزادکشمیر میں دودھ اور گوشت کی ضروریات کو پوری کرنے کے لیے اچھی نسل کی گائیں، بھینسیں، بھیڑ بکریاں پالنے کے فارم بنائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ آبادی میں جس تناظر سے اضافہ ہو رہا ہے اگر ہم نے اس طرح زرعی پیداوار میں اضافہ نہ کیا تو خوارک کی کمی کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1047160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش