0
Friday 17 Mar 2023 19:26

پی ڈی ایم حکومت کیجانب سے عوام پر آئے روز مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں، کاشف سعید شیخ

پی ڈی ایم حکومت کیجانب سے عوام پر آئے روز مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں، کاشف سعید شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی تمام ظالمانہ شرائط پوری کرنے کے بعد پہلے سے موجود مہنگائی میں حد سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ حکمران کہتے ہیں کہ انہیں غریبوں کی مشکلات کا احساس ہے، مگر آئے روز بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، یوٹیلٹی اسٹورز پر معمولی سبسڈی کا بھی خاتمہ کرکے عوام کو مہنگائی کے ہاتھوں زندہ اور سانس لینا بھی مشکل بنا دیا گیا ہے، جبکہ ہر شرط ماننے، بلکہ اس پر عملدرآمد کرنے کے باوجود پی ڈی ایم حکومت مزید قرضہ حاصل کرنے میں ناکام اور بے بس نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی بجائے ریاست کو بچانے کی دعویدار اتحادی حکومت کی جانب سے عوام پر آئے روز مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں، لیکن تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ سمیت حکومتی اخراجات میں کمی کے تمام تر دعوے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ موجودہ پی ڈی ایم حکومت کے گیارہ ماہ کی حکمرانی میں ڈالر کا ریٹ ہو یا سونے کا، پٹرول کی قیمتیں ہوں یا عام اشیاء کے نرخوں میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، یہ کیسی ریاست بچائی ہے کہ عوام کا جینا محال ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال، مہنگائی، بیروزگاری، معاشی اور سیاسی بحرانوں نے ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں اور ایٹمی قوت کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ صوبائی رہنما نے پی ڈی ایم حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک سے پہلے اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول، یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی کو بحال اور ذخیرہ اندوز، منافع خور مافیا کو لگام اور بلاتفریق کارروائی کی جائے، تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریہ دستیاب ہو سکیں اور لوگ ماہ مبارک کی برکتوں سے فیض یاب ہو سکیں۔
خبر کا کوڈ : 1047197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش