QR CodeQR Code

عمران خان خود کو ذوالفقار علی بھٹو کی طرح لیڈر نہ سمجھیں، وزیراعلیٰ سندھ

17 Mar 2023 19:33

سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہاں ہاؤس میں بیٹھ کر کہا گیا ہم جان دے بھی سکتے ہیں جان لے بھی سکتے ہیں لیکن یہ ملک کو تباہ کرنے کے پیچھے ہیں اور تحریک طالبان پاکستان کا ایک شخص ان کو تحفظ دے رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان خود کو ذوالفقار علی بھٹو کی طرح لیڈر نہیں سمجھیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ بات سب ہی جانتے ہیں اور یہ قابل غور بھی ہے کہ پری بجٹ مباحثے کسی اسمبلی میں نہیں کئے جاتے ہیں لیکن 2013ء کی قانون سازی کے مطابق اس کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس پری بجٹ مباحثے میں جو تجاویز دی گئیں ہیں ان کو قرارداد کے ذریعے پیش کیا جائیگا اور اچھی تجاویز پر عمل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں ہاؤس میں بیٹھ کر کہا گیا ہم جان دے بھی سکتے ہیں جان لے بھی سکتے ہیں لیکن یہ ملک کو تباہ کرنے کے پیچھے ہیں اور تحریک طالبان پاکستان کا ایک شخص ان کو تحفظ دے رہا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عمران خان میں ابھی تک میچورٹی نہیں آئی ہے، یہ عدالتوں کو نہیں مانتے ہیں اور عدالتوں کے حکم پر عمل نہیں کرتے ہیں جو کہ امن و امان کے ایشو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2002ء میں جب ان کی حکومت تھی تو کشمور کے حالات خراب تھے لیکن اب حالات بہت بہتر ہیں، کچے کے علاقے میں ایشو کو دیکھ رہے ہیں جس کے لئے ہم نے آرمی سے بھی بات کی ہے اور ہم نے ایجنسیوں سے بھی بات کی ہے، یہاں اپویشن میں موجود لوگ جو اٹھ کر چلے گئے ہیں وہ کبھی جمہوریت کو سپورٹ نہیں کرتے ہیں، ان کا تعلق ایک فاشسٹ پارٹی سے ہے جو کہ فاشزم کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت ان کی مرضی کا فیصلہ نہ کرے تو تسلیم نہیں کرتے جبکہ ہم نے بہت مشکل وقت دیکھے ہیں، آصف زرداری کو جب نیب گرفتار کرنے آیا تو قانون کی پاسداری کی اور اسپیکر سندھ اسمبلی 2 سال سے کیسز کا سامنا کررہے ہیں، تاہم عمران خان خود کو ذوالفقار علی بھٹو کی طرح لیڈر نہ سمجھیں۔


خبر کا کوڈ: 1047198

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047198/عمران-خان-خود-کو-ذوالفقار-علی-بھٹو-کی-طرح-لیڈر-نہ-سمجھیں-وزیراعلی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org