QR CodeQR Code

کے پی انتخابات، گورنر نے الیکشن کمیشن کو ابھی تک باضابطہ تاریخ نہیں دی

18 Mar 2023 00:14

الیکشن کمیشن ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا نے اسلام آباد میں ہونے والی آخری ملاقات میں الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی باضابطہ تاریخ نہیں دی بلکہ ان سے اس تاریخ میں مزید مشاورت کا مانگا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے معاملے نے نیا موڑ لے لیا، معلوم ہوا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی باضابطہ تاریخ نہیں دی گئی اور تاریخ نہ ملنے پر الیکشن کمیشن نے بھی خاموشی اختیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے لیے گورنر خیبر پختونخوا سے دو بار مشاورت کی اور آخری بار اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے بعد گورنر حاجی غلام علی نے 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا نے اسلام آباد میں ہونے والی آخری ملاقات میں الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی باضابطہ تاریخ نہیں دی بلکہ ان سے اس تاریخ میں مزید مشاورت کا مانگا ہے اور الیکشن کمیشن سے کچھ معاملات پر تفصیلات بھی مانگی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہورہا ہے، جس میں خیبر پختونخوا میں الیکشن کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور ایک بار پھر تاریخ مانگنے کے لیے گورنر سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا موقف جاننے کے لیے سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ترجمان الیکشن کمیشن سے بار بار رابطہ کیا گیا لیکن ان کا موقف سامنے نہیں آیا اور انہوں نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کرلی۔ گورنر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی تاریخ دی گئی ہے لیکن اس پر مشاورت جاری ہے حتمی فیصلہ جلد کرلیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1047241

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047241/کے-پی-انتخابات-گورنر-نے-الیکشن-کمیشن-کو-ابھی-تک-باضابطہ-تاریخ-نہیں-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org