QR CodeQR Code

یوکرین کیخلاف جنگ میں شام روس کیساتھ ہے

تیسری عالمی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے، بشار الاسد

روس نے شام میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں

18 Mar 2023 03:10

ماسکو میں ریانووستی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو میں شامی صدر کا کہنا تھا کہ یورپ نے یوکرین کے صدر زیلنسکی کی مدد کرکے تیسری عالمی جنگ کا آغاز کر دیا ہے اور ماضی کی نسبت تیسری عالمی جنگ جدید ترین ہتھیاروں سے لڑی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ شام کے صدر بشار الاسد نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمر پوتین اور روس کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کے علاوہ ریانووستی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو بھی کی۔ اس گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یورپ نے یوکرین کے صدر زیلنسکی کی مدد کرکے تیسری عالمی جنگ کا آغاز کر دیا ہے اور ماضی کی نسبت تیسری عالمی جنگ جدید ترین ہتھیاروں سے لڑی جائیگی۔ بشار الاسد کا کہنا تھا کہ جنوبی اور مشرقی یوکرین کے 4 علاقے لوہانسک، دونتسک، خرسون اور زاپوریژیا نے ستمبر 2022ء میں ریفرنڈم کے ذریعے روس کے ساتھ الحاق کیا، اس لئے وہ روس کے تاریخی علاقے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام روس کے ساتھ ان علاقوں کے الحاق سے پہلے بھی انہیں روس کا حصہ سمجھتا تھا۔

شام کے صدر بشار الاسد نے روسی صدر ولادیمر پوتین سے ہونے والی ملاقات میں باہمی تعلقات اور عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس ملاقات میں روسی صدر ولادیمر پوتین نے کہا کہ روس نے شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ بشار الاسد نے شام میں خانہ جنگی کے دوران روس کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر روس کے شکر گزار ہیں، روس خود حالت جنگ میں ہونے کے باوجود شام کا ساتھ دینے سے پیچھے نہیں ہٹا۔ شامی صدر کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین کے خلاف جنگ میں اُن کا ملک روس کے ساتھ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1047256

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047256/تیسری-عالمی-جنگ-کا-آغاز-ہوگیا-ہے-بشار-الاسد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org