اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کارکنان مسلم کانفرنس سیاست میں مجاہد اول کے افکار، ایثار اخلاص، استقامت کا مظاہرہ کریں، بلدیاتی الیکشن کے دوران پیش آنیوالی تلخیوں کو بھول کر آگے بڑھیں، اس دوران پارٹی پالیسی کے مغائر چلنے والوں کے لئے عام معافی کا اعلان کرتا ہوں۔ مسلم کانفرنس حلقہ دھیرکوٹ کی تمام تنظیمیں تحلیل کرتے ہوئے سردار تجمل حسین عباسی کو حلقہ دھیرکوٹ کی تنظیم سازی کے لئے کنوئنر اور راجہ منیر خان کو سیکرٹری نامزد کرتا ہوں۔ کنوئنر کمیٹی وارڈ اور یو سی کی سطح پر تنظیم سازی کے لئے کمیٹیز کا قیام عمل میں لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس حلقہ دھیرکوٹ کی جانب سے نو منتخب ممبران ضلع کونسل، وارڈ کونسلرز، چیئرمین یونین کونسلز کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کی صدارت سینئر کانفرنسی رہنما سردار تجمل حسین عباسی نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر اس نظام کو فعال کرنے کے لئے مزید انتظامات کرے، منتخب نمائندگان کیلئے آفسز کے قیام کو یقینی بنائے، مسلم کانفرنس کی مضبوطی کا سفر پھر سے شروع ہو چکا ہے، کارکنان ایثار، اخلاص اور استقامت کا جذبہ قائم رکھیں، آنے والا وقت مسلم کانفرنس کی مضبوطی کا وقت ہے، پاکستان کے بدتر معاشی حالات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، حکمرانوں کی نااہلی نے پاکستان کو کمزور کر دیا ہے، پاکسنتان کے سیاسی حالات مستقبل میں تبدیل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
تقریب سے راجہ منیر خان عرفان عباسی، راجہ تبارک علی، ملک امان خورشید،سید امجد گردیزی ایڈووکیٹ، انضمام عباسی، منشی زاہد رئیس، کاظم یسین، لقمان راجہ، عاشق حسین، عبدالقدوس عباسی، مبشر عباسی ایڈووکیٹ، ثمینہ عباسی، نسرین اختر راجہ و دیگر نے بھی خطاب کیا خواتین کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک تھی۔