0
Saturday 18 Mar 2023 13:13

مسلمانوں کو مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، شگفتہ نورین کاظمی

مسلمانوں کو مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، شگفتہ نورین کاظمی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر خواتین ونگ کی نائب صدر محترمہ شگفتہ نورین کاظمی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ میں اسلامی مقدمہ لڑا جو کہ قابل فخر لمحات تھے، اب ہر سال 15مارچ کو اسلاموفوبیا کا عالمی دن پوری دنیا میں منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے جس طرح اپنے مختصر دور میں قادیانیوں کو قومی اسمبلی سے بل پاس کروا کر دائرہ اسلام سے خارج کروایا اسی طرح چیئرمین بلاول بھٹو کا نمایاں کارنامہ ہے کہ انھوں نے پوری دنیا کی توجہ اسلاموفوبیا کی طرف دلوانے کے لئے اقوام متحدہ سے پندرہ مارچ کا بل پاس کروایا اور اب پوری دنیا میں یہ آگاہی کا دن منایا جائے گا، اسلام امن اور رواداری کا دین ہے۔ اسلام برداشت، امن اور بقائے باہمی کا مذہب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہماری اس مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ جو ہمیں اسلامو فوبیا کے پاگل پن کا مقابلہ کرنے کے لیے اکٹھا ہونے کی تلقین کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں منظم طریقے سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے، مسلمانوں کو مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا دنیا میں پھیل رہا ہے، حجاب جیسے معاملات کو سیاست میں لانے کا مقصد اسلام کو نشانہ بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم دنیا اور عالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھانی چاہیے، خواتین کے حقوق کے حوالے سے مسلم دنیا کا موقف یکساں ہے، خواتین کو حقوق کی فراہمی میں درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلام فوبیا کا وائرس تیزی سے پھیل رہا جس سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 1047322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش