QR CodeQR Code

زمان پارک آپریشن انسداد دہشتگردی عدالت کی ہدایت پر کیا گیا، پولیس

وکلا نے زمان پارک آپریشن کیخلاف جی پی او چوک بلاک کردیا، نعرے بازی

18 Mar 2023 14:03

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزاحمت پر گرفتاری اور شیل فائر کرنا پڑے، عمران خان کی رہائش گاہ پر کالعدم جماعت کے کارکنوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ وارنٹ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے جاری کروایا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ میں پولیس کارروائی کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس انسداد دہشت گردی عدالت سے سرچ وارنٹ لیکر عمران خان کی رہائش گاہ میں داخل ہوئی ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سرچ وارنٹ کے تحت کارروائی کے دوران کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی جو کار سرکار میں مداخلت ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزاحمت پر گرفتاری اور شیل فائر کرنا پڑے، عمران خان کی رہائش گاہ پر کالعدم جماعت کے کارکنوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ وارنٹ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے جاری کروایا گیا تھا۔

دوسری جانب زمان پارک میں پولیس آپریشن کی اطلاع کے بعد پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان زمان پارک پہنچنا شروع ہو گئی ہیں جبکہ اس سے قبل پولیس درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرکے لے جا چکی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ سے پیٹرول بم میں استعمال ہونیوالی بوتلیں، غلیلوں کے کینچے ہزاروں کی تعداد میں برآمد ہوئے ہیں۔ ادھر زمان پارک میں پولیس کے آپریشن کیخلاف وکلاء نے جی پی او چوک کو بلاک کر دیا ہے، جس کے باعث مال روڈ، سپریم کورٹ روڈ، میکلوڈ روڈ سمیت ملحقہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ مال روڈ بند ہونے سے جین مندر، ملتان روڈ، مزنگ روڈ پر بھی ٹریفک کا شدید دباو ہے۔


خبر کا کوڈ: 1047326

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047326/زمان-پارک-ا-پریشن-انسداد-دہشتگردی-عدالت-کی-ہدایت-پر-کیا-گیا-پولیس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org