QR CodeQR Code

شرم الشیخ کانفرنس میں شرکت کرینگے، فلسطینی اتھارٹی

18 Mar 2023 18:17

اپنے ٹویٹ میں حسین الشیخ کا کہنا تھا کہ فلسطینی وفد اپنی آزادی اور قوم کے استحکام کی خاطر اس نشست میں شرکت کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی اتھارٹی کے ایک سینیئر رہنماء نے اعلان کیا ہے کہ کل اتوار کو فلسطین سے ایک وفد شرم الشیخ کانفرنس میں شرکت کے لئے مصر جائے گا۔ اس حوالے سے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (P.L.O) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری "حسین الشیخ" نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے روز امریکہ، اردن اور اسرائیل سمیت بین الاقوامی و علاقائی وفود کی موجودگی میں مصر میں ہونے والی کانفرنس میں فلسطینی وفد بھی شرکت کرے گا۔ حسین الشیخ نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ فلسطینی وفد اپنی آزادی اور قوم کے استحکام کی خاطر اس نشست میں شرکت کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کانفرنس میں شرکت کا مقصد اپنی ملت کے خلاف مسلسل صیہونی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ان اقدامات و پالیسیز کو روکنا ہے، جو آئے روز فلسطینیوں کے خون، سرزمین اور مقدسات کو پاوں تلے روندتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل جنوبی اردن کے شہر "العقبہ" میں ایک اجلاس ہوا، جس میں فلسطینی وفد، مصر، اردن، امریکہ اور اسرائیل نے شرکت کی۔ اس نشست میں فلسطینی عوام کے خلاف محدود مدت تک صیہونی جارحیت اور کالونی سازی کو روکنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ شرم الشیخ میں ایک اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔ نیز صیہونی میڈیا نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ العقبہ اجلاس کی طرح آئندہ آنے والے دنوں میں مصر میں شرم الشیخ میں ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ واضح رہے کہ یہ نشست عقبہ اجلاس سے حاصل ہونے والے نتائج اور ماہ رمضان کے قریب مقبوضہ فلسطین میں کشیدگی میں کمی کے لئے عملی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہو رہی ہے۔ صیہونی میڈیا نے مزید بتایا کہ اس نشست میں امریکہ کے علاوہ مصری، اردنی، فلسطینی اور صیہونی حکام شرکت کریں گے۔

حالیہ سکیورٹی اجلاس امریکہ کے توسط سے فلسطینی اتھارٹی اور صیہونی حکومت کے درمیان اردن کی میزبانی میں العقبہ بندرگاہ میں ہوا۔ جس میں قاھرہ اور واشنگٹن کے نمائندگان بھی شریک تھے۔ دوسری جانب فلسطین بھر میں عوام اور مقاومتی گروہوں نے اس اجلاس کی شدید مخالفت اور مذمت کی۔ العقبہ اجلاس کے اختتامی بیان کے مطابق، اسرائیل نے وعدہ کیا تھا کہ وہ صیہونی بستیوں کی ناجائز تعمیر کا جائزہ لینے کے لئے 4 ماہ اور نئی کالونیوں کی تعمیر کی فیصلے کو 6 ماہ کے لیے معطل کرے گا۔ اس اجلاس کی فلسطینی عوام اور مقاومتی گروہوں نے وسیع پیمانے پر مخالفت و مذمت کی۔ انہوں نے العقبہ کانفرنس کو فلسطینی عوام کے حقوق پامال کرنے اور صیہونی حکومت کو مقاومت کے دباؤ سے بچانے کی ایک سازش قرار دیا۔


خبر کا کوڈ: 1047359

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047359/شرم-الشیخ-کانفرنس-میں-شرکت-کرینگے-فلسطینی-اتھارٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org