QR CodeQR Code

چار پانچ دن سے پاکستان میں وہ کچھ ہورہا ہے جو 75 سالوں میں نہیں ہوا، شرجیل میمن

18 Mar 2023 20:09

سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ عمران خان نے پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ وہ سب سے بڑے بدمعاش اور غنڈے ہیں، عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان کو آئین و قانون کے تحت بلایا نہیں جاسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پچھلے چار پانچ دن سے پاکستان میں وہ کچھ ہورہا ہے جو 75 سالوں میں نہیں ہوا، جو شخص بیرونی طاقتوں کی مدد سے ملک میں انارکی پیدا کر رہے ہیں، انہیں عدالتوں سے آؤٹ آف وے ریلیف دیا جا رہا ہے، عمران خان کے لئے ریلیف کا جمعہ بازار لگا دیا گیا ہے، انہیں بائے ون گیٹ نائن کے پیکیج دیئے جا رہے ہیں لیکن ملک کے آئین اور ایٹمی طاقت کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دینے والی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مقدمات کے لئے عدالتوں کے پاس وقت نہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا ریفرنس گزشتہ 10 سال سے زیر التوا ہے جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے مقدمے میں پیشیاں غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو عدالتوں سے کسی قسم کا ریلیف نہیں انصاف چاہیئے، عدالتیں ان دو مقدمات میں چاہے جو بھی فیصلہ کریں ہمیں منظور ہے لیکن ان مقدمات پر روزانہ کی بنیاد پر سنوائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چار دن سے انارکی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پولیس نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی کوشش کی لیکن سب نے دیکھا کہ پولیس کے ساتھ کیا حشر کیا گیا، پولیس پر ڈنڈے برسائے گئے گلیل اور پیٹرول بم مارے گئے، پچاس سے زائد پولیس اہلکار زخمی کئے گئے، کیا پولیس والے معصوم سپاہی کسی کی اولاد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو اپیل کی زمان پارک پہنچیں اور دھمکیاں دیں کہ جو ورکرز لیکر نہیں آئے گا ان کو ٹکٹ نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ وہ سب سے بڑے بدمعاش اور غنڈے ہیں، عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان کو آئین و قانون کے تحت بلایا نہیں جاسکتا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ ملک میں ہو کیا رہا تھا کس طرح کی روایات قائم کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس کو ضمانتیں بھی دی جا رہی ہیں اور انہیں کلین چٹ دی گئی جبکہ فورسز کے ہاتھ پاؤں باندھے جارہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1047379

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047379/چار-پانچ-دن-سے-پاکستان-میں-وہ-کچھ-ہورہا-ہے-جو-75-سالوں-نہیں-ہوا-شرجیل-میمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org