QR CodeQR Code

کشمیر میں ایشیاء کا سب سے بڑا باغ گل لالہ سیاحوں کیلئے تیار

18 Mar 2023 21:30

موسم بہار کی آمد پر 68 رنگ برنگی اقسام کے ٹیولپ بلب کے علاوہ ڈیفوڈل، ہائیسن، مسکری کے چشم کشا پھول اور بادام، خوبانی، آڑو کے درخت بھی باغ کی خوبصورتی و شان و شوکت میں چار چاند لگائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سرینگر کی زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع ایشیا کا سب سے بڑا باغ گل لالہ زائد از 12 لاکھ حسین و جمیل ٹولپ گھٹلیوں کے ساتھ سیاحوں کی آمد کے لئے ہر لحاظ سے تیار ہے۔ بتادیں کہ متعلقہ حکام کے مطابق باغ گل لالہ کو 19 مارچ سے عوام کے لئے کھولا جائے گا۔ شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع اس وسیع و عریض اور دلکش باغ جس میں لاکھوں رنگ برنگی ٹلپ بلب لگے ہوئے ہیں، کو لیفٹیںنٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے اتوار کی دو پہر کو عوام کے لئے کھولے جانے کی توقع ہے۔ باغ گل لالہ میں امسال ہالینڈ سے بر آمد شدہ چار نئے ٹلپ کا اضافہ کیا گیا ہے جن میں کیپ کنیا، سویٹ ہارٹ، ہیملٹن اور کرسمس ڈریم شامل ہیں۔

ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ موسم بہار کی آمد پر 68 رنگ برنگی اقسام کے ٹیولپ بلب کے علاوہ ڈیفوڈل، ہائیسن، مسکری کے چشم کشا پھول اور بادام، خوبانی، آڑو کے درخت بھی باغ کی خوبصورتی و شان و شوکت میں چار چاند لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باغ میں فی الوقت زائد از ایک درجن اقسام کے 25 فیصد ٹولپ کھل گئے ہیں اور موسم ساز گار رہنے کی صورت میں باقی ٹولپ بھی کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گل لالہ کا پھول بہت ہی نازک ہونے کے ساتھ ساتھ اِس کی زندگی صرف 15 سے 17 دنوں پر ہی محیط ہوتی ہے۔ تاہم ٹیولپ کی زندگی اس کے قسم اور موسمی صورتحال پر منحصر ہے۔ اگر موسم سرد رہا تو اس کی زندگی بڑھ سکتی ہے۔ اگر درجہ حرارت 20 ڈگری سے اوپر چلا گیا تو اس کی زندگی کچھ دن مختصر ہوجاتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1047384

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047384/کشمیر-میں-ایشیاء-کا-سب-سے-بڑا-باغ-گل-لالہ-سیاحوں-کیلئے-تیار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org