QR CodeQR Code

پاکستان کا نوجوان اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، خرم شیر زمان

18 Mar 2023 20:36

پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ آج عمران خان کے گھر پر آج حملہ کیا ہے کہ جب ان کی اہلیہ، بہنیں جب گھر میں موجود تھیں، آصف زرداری، نواز شریف، فضل الرحمان کو شرم سے ڈوب جانا چاہیئے، یہ اس گھر میں گھسے جو سرٹیفائیڈ ایماندار ہے، یہ عمل قابل مذمت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا نوجوان اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خرم شیر زمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت اسلام آباد میں جو ہورہا ہے ایسا لگتا ہے یہاں یزید کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں الیکشن کا شیڈول جاری ہوچکا ہے، دنیا کے سب سے بڑے لیڈر کو کمپئین نہیں کرنے دیا جارہا ہے جبکہ سیاسی جماعتیں اس وقت عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی ہیں، انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ کس طریقے سے عمران خان کو راستے سے ہٹا دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں ڈبل اسٹینڈرڈ چل رہے ہیں، ایک شخص جس نے عمران خان پر حملہ کیا اس کو زوم پر اجازت دی گئی ہے لیکن عمران خان کو عدالتوں میں آنا ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ اس وقت پورا پاکستان چیف جسٹس نظریں لگائے بیٹھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کے گھر پر آج حملہ کیا ہے کہ جب ان کی اہلیہ، بہنیں جب گھر میں موجود تھیں، آصف زرداری، نواز شریف، فضل الرحمان کو شرم سے ڈوب جانا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اس گھر میں گھسے جو سرٹیفائیڈ ایماندار ہے، یہ عمل قابل مذمت ہے اور چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ اس گھٹیا حرکت کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے عالم میں لوگ خودکشیاں کررہے ہیں، شپ منٹ لوگوں کی پورٹ پر رکھی ہیں اور جن والدین کے بچے باہر پڑھ رہے ہیں وہ ڈالر نہیں بھیج سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا نوجوان اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، ہم عمران خان کی خیریت کیلئے دعا گو ہیں اور ان کی کال کا انتظار کررہے ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پیشی کے بعد اپنے آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1047385

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047385/پاکستان-کا-نوجوان-اس-وقت-عمران-خان-کے-ساتھ-کھڑا-ہے-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org