QR CodeQR Code

پولیس نے اسلام آباد ٹول پلازہ پر کام کرنیوالے ملازمین کو بھی ہٹا دیا

عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے

عدالتی عملہ حاضری کیلئے دستاویز لیکر عمران خان کے پاس گاڑی میں پہنچا

19 Mar 2023 01:01

میڈیا نیوز کے مطابق توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ 30 مارچ کو کیس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل ہونگے اور اسی دن عمران خان کی حاضری بھی ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری کے بعد عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔ میڈیا نیوز کے مطابق توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ 30 مارچ کو کیس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل ہوں گے اور اسی دن عمران خان کی حاضری بھی ہوگی، اس دن کیا صورتحال ہوگی، وہ الگ بات ہے۔ اس سے قبل عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری لگوانے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد عدالتی عملہ حاضری کے لیے دستاویز لے کر عمران خان کے پاس پہنچا، عمران خان کے وکلا بھی عدالتی کے ساتھ موجود تھے۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ بتائیں ایسی صورت حال میں کیا کیا جائے۔؟ عمران خان کو گاڑی میں ہی عدالتی حاضری لگانے کی اجازت دی جائے، جس پر سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کی گاڑی میں حاضری لگانے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے گاڑی میں ہی عدالتی حاضری کے دستخط لے لیے جائیں۔ کارکنوں کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس سے باہر نہ جانے پر عمران خان گاڑی میں ہی عدالتی حاضری لگا کر واپس چلے گئے۔

قبل ازیں لاہور اسلام آباد موٹر وے پر ٹول پلازہ کا کنٹرول پولیس نے سنبھال رکھا تھا اور پولیس نے اسلام آباد ٹول پلازہ پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی ہٹا دیا تھا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، اس کی پابندی کرنا ہوگی، عدالت، احاطہ یا قریب کوئی مسلح شخص موجود نہیں ہوگا، عدالت میں ساتھ جانے والے افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کروائی جائے گی۔ توشہ خانہ کیس کی سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس کی نیب کورٹ نمبر ون میں ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1047441

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047441/عدالت-نے-عمران-خان-کے-ناقابل-ضمانت-وارنٹ-گرفتاری-منسوخ-کر-دیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org