QR CodeQR Code

نتین یاہو اسرائیل کیلئے حزب الله اور ایران سے بھی زیادہ خطرناک ہے، اویگدور لیبرمین

19 Mar 2023 02:18

سابق صیہونی وزیر جنگ بنی گانٹز کا کہنا تھا کہ ہم سقوط کے بالکل نزدیک ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صیہونی سیاسی جماعت Israel My Home کے سربراہ "اویگدور لیبرمین" نے بنجمین نتین یاہو کو اسرائیل کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ اویگدور لیبرمین نے کہا کہ نتین یاہو کے اقدامات کے سبب اسرائیل پر ایران اور حزب الله سے زیادہ خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ سابق اسرائیلی وزیر "یائیر لاپیڈ" نے صیہونی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اعلان کیا کہ بیرونی اقدامات سے زیادہ حالیہ وزیراعظم نتین یاہو کے داخلی اقدامات پریشان کن ہیں۔ یائیر لاپیڈ نے کہا کہ وہ کبھی بھی نتین یاہو کی کابینہ میں شامل نہیں ہوگا، کیونکہ نتین یاہو اور اس کے ساتھی اسرائیل کی سلامتی اور اقتصاد کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس وقت اسرائیل جس بحران سے دوچار ہے، وہ اس سے پہلے کبھی اس رژیم کو درپیش نہ تھے۔ قبل ازیں یائیر لاپیڈ نے اعلان کیا تھا کہ اگر اسرائیل کے حالات چھ ماہ تک ایسے ہی رہے تو یہ رژیم اندر سے نابود ہو جائے گی۔

یائیر لاپیڈ کے اس اعلان کے مطابق، اسرائیلی رہنماء معاشرے میں نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں۔ اسرائیل تباہی کے دہانے پر ہے اور اگر یہ عدالتی اصلاحاتی بل پاس ہوگیا تو یہ رژیم اپنے اختتام کی جانب جائے گی۔ اس کے علاوہ سابق صیہونی وزیر جنگ اور اپوزیشن رہنماء بنی گانٹز نے اس واقعے کی جانب اشارہ کیا کہ جس میں ایک صیہونی ڈرائیور نے جان بوجھ کر ھرتزیلیا میں نتین یاہو مخالف مظاہرین پر گاڑی چڑھا دی۔ بنی گانٹز نے کہا کہ عوامی غصہ اور داخلی جنگ بالکل کنارے پر ہے اور اس تباہی کی ذمے داری نتین یاہو پر عائد ہوگی۔ ہم سقوط کے بالکل نزدیک ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1047455

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047455/نتین-یاہو-اسرائیل-کیلئے-حزب-الله-اور-ایران-سے-بھی-زیادہ-خطرناک-ہے-اویگدور-لیبرمین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org