QR CodeQR Code

لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے کشمیری پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، عثمان چاچڑ

19 Mar 2023 11:23

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے تربیتی کورس کے شرکاء کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کاکہنا تھا کہ ہندوستان خود کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں لے کر گیا اور انہیں استصواب رائے کا حق دینے کی کمٹمنٹ کی۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے کہا ہے کہ کشمیر کا وادی کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے، ہندوستان خود کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں لے کر گیا اور انہیں استصواب رائے کا حق دینے کی کمٹمنٹ کی مگر گزشتہ سات دھائیوں سے مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے کشمیری پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔ آزادکشمیر کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کیلئے حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کر رہی ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایوان صدر مظفرآباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے تربیتی کورس کے شرکاء کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔

وفد میں 20 ممالک سے افراد شریک تھے۔ این ڈی یو کے وفد کو سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر سید آصف حسین نے کشمیر کی تاریخ، حکومت آزادکشمیر، انتظامی ڈھانچے، گورننس سسٹم، فنانشل پروفائل، ترقیاتی عمل اور درپیش مسائل کے بارہ میں مفصل بریفنگ دی۔ سیکرٹری صدارتی امور نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ مسئلہ ہے جسکا حل ناگزیر ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیری عوام کو استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، یو این کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہندوستان رکاوٹ ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید آصف حسین نے بتایا کہ آزادکشمیر میں لٹریسی ریٹ پاکستان کے تمام صوبوں میں سب سے زیادہ ہے،  یہاں امن و امان کی صورتحال انتہائی تسلی بخش ہے، آزادکشمیر میں 9 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے کا پوٹینشل موجود ہے جبکہ خطہ کی ضرورت صرف 350 میگا واٹ ہے۔

وفد کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کا وسیع پوٹینشل موجود ہے، تاریخی مقامات، خطہ کی خوبصورتی اور لینڈ اسکیپ سیاحوں کیلئے دلچسپی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا خصوصی سٹیٹس ہے، ریاست کا اپنا جھنڈا ہے، باہر سے کوئی بھی شخص آزادکشمیر میں زمین نہیں خرید سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے 5 اگست 2019ء کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کا خصوصی سٹیٹس ختم کر دیا ہے تاکہ وہاں آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا خواہاں ہے جبکہ ہندوستان اس مسئلے کے حل کی راہ میں رکاوٹ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1047501

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047501/لائن-ا-ف-کنٹرول-کے-دونوں-اطراف-کشمیری-پاکستان-کے-ساتھ-جانا-چاہتے-ہیں-عثمان-چاچڑ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org