اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے نائب صدر عالم خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج پاکستان کے ہر شہری کا حق ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے پرامن احتجاج پر پی ٹی آئی کے کارکنوں پر جھوٹا مقدمہ درج کرکے ہمیں مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔ کارکنوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر فوری واپس لی جائے۔ اپنے جاری بیان میں عالم خان کاکڑ نے کہا کہ لاہور میں زمان پارک میں آپریشن اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں اور انہوں نے ائیرپورٹ روڈ پرامن احتجاج کیا۔ پاکستان کا آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔
لیکن قدوس بزنجو حکومت نے پرامن احتجاج پر پی ٹی آئی کے کارکنوں پر جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور صوبائی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر۔ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ ایسے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے ساتھ حقیقی آزادی کی جنگ میں انکے شانہ بشانہ کھڑے ہونے پر اپنے اوپر جھوٹے مقدمے کو تمغہ سمجھتے ہیں۔ جس کا عدالتوں میں سامنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خاص کر بلوچستان کے عوام اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی جھوٹی ایف آئی آرسے مرعوب نہیں ہونگے۔