QR CodeQR Code

ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرائے جائیں، سراج الحق

19 Mar 2023 22:20

باڑہ بازار میں تحریک حقوق قبائل کے خیبر امن جلسہ سے خطاب کے دوران کیا، امن جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ، آزاد الیکشن کمیشن اور غیر جانبدار اسٹبلشمنٹ کے بغیر شفاف انتخابات ممکن نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرائے جائیں، آزاد عدلیہ، آزاد الیکشن کمیشن اور غیر جانبدار اسٹبلشمنٹ کے بغیر شفاف انتخابات ممکن نہیں، ملک کی تباہی میں پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں برابر کی ذمہ دار ہیں، قبائلی اضلاع میں ہر سو  مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باڑہ بازار میں تحریک حقوق قبائل کے خیبر امن جلسہ سے خطاب کے دوران کیا، امن جلسہ سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، تحریکِ حقوقِ قبائل کے چیئرمین شاہ فیصل آفریدی، جماعت اسلامی خیبر کے امیر محمد رفیق آفریدی، نائب امیر جماعت اسلامی باجوڑ سردار خان، شاہ جہان آفریدی، قاضی مومین، ،خان ولی، زر نور آفریدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ خیبر امن جلسہ میں قرار داد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے دوران مسمار شدہ گھروں کے معاوضے ادا کئے جائیں، بدامنی اور دہشتگردی کی لہر کا خاتمہ کیا جائے، باڑہ سہرہ ڈیم پر کام شروع کیا جائے، قبائلی علاقوں کو بیس سال کیلئے ٹیکس فری زون قرار دیا جائے، فرنس اور دیگر فیکٹریوں کو ٹیکس فری کیا جائے۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ قبائل نے ہمیشہ ملکی سرحدات کی حفاظت کی ہے اور ملکی آزادی میں کردار ادا کیا ہے، آزاد افغانستان کے قیام میں قبائل کی قربانیاں لازوال ہیں، قبائلیوں ہی کی بدولت افغانستان میں روس اور امریکہ کو شکست ہوئی، انہوں نے کہا کہ کل تک اسٹبلشمنٹ پی ٹی آئی کو سپورٹ کررہی تھی اور آج پی ڈی ایم کے سرپر دست شفقت رکھا ہوا ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی جنگ کرپشن اور سودی نظام کے خاتمے کے لئے نہیں، ان کی جنگ کرسی کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے کشمیر کا سودا کیا، انہوں نے کہا کہ ملکی کی تقدیر کے فیصلے آئی ایم ایف کر رہی ہے، شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ملک میں غیر جانبدار اسٹبلشمنٹ، آزاد عدلیہ اور آزاد الیکشن کمیشن کا ہونا ضروری ہے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو شفاف الیکشن کا انعقاد ناممکن ہوگا۔ قبائلی اضلاع میں ہر سو تباہی اور مایوسی پھیلی ہوئی ہے، قبائل کی ترقی کے لئے انضمام کے وقت کئے گئے وعدوں سے حکمرانوں نے انحراف کیا۔ یہاں سکول ہے، تعلیم نہیں، عدالتیں ہیں، انصاف نہیں ،صحت کے مراکز ہیں، سہولیات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی میں اقتدار آ کر ماضی کی طرح عوام کو مفت تعلیم فراہم کرے گی، قبائلیوں کو ترقی دے کر ان کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے، اگر قبائل کو انصاف نہیں ملتا تو عدالتوں کو تالے لگائے جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمران جماعتوں کی 18 شخصیات 4 ہزار ارب روپے مالیت کی مالک ہیں۔ جنہوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر پیسے جمع کیے ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن سمیت پی ڈی ایم کے دیگر قائدین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں تحریک انصاف کے دور حکومت میں مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج ہوا کرتی تھیں۔ اقتدار ملنے کے بعد مہنگائی پر چپ سادھ لی ہے۔ صوبہ میں گزشتہ 9 سال تک تحریک انصاف کی حکومت رہی، اس دوران صوبہ کو دیوالیہ کردیا گیا۔ کرپشن دن بہ دن بڑھتی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے عوام اس بار جماعت اسلامی کی باکردار قیادت پر اعتماد کریں۔


خبر کا کوڈ: 1047586

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047586/ملک-میں-ایک-ہی-دن-انتخابات-کرائے-جائیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org