QR CodeQR Code

پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے نظام اور سسٹم سے الجھنا ہوگا، گورنر سندھ

20 Mar 2023 18:00

تقریب سے خطاب کے دوران کامران ٹیسوری نے کہا کہ حکومت کی پوری توجہ معیشت میں استحکام لانے پر مرکوز ہے، ملک کے موجودہ معاشی حالات ہم سب کی توجہ کے متقاضی ہیں، کاروباری برادری ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم کب تک برادر ممالک سے ٹیکسز کی چھوٹ مانگتے رہیں گے، ماضی میں حکومتوں نے آئی ایم ایف سے قرض لے کر سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ مزید قرض کیلئے آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلائے کھڑے رہے، ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے اور اس کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہمارا پڑوسی ملک بھارت 650 بلین ڈالر اور ناکارہ سمجھ کر اپنے آپ سے الگ کرنے والا ملک بنگلہ دیش 90 بلین ڈالرز سے بھی زائد کا زرمبادلہ رکھتا ہے جبکہ ہم ابھی تک قرضے اتارنے کیلئے قرضے مانگ رہے ہیں، ماضی میں بھی تماشہ دیکھتے رہے اور آج بھی یہی عمل جاری ہے، پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے نظام اور سسٹم سے الجھنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار معروف صنعتکار، ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر، موزمبیق کے اعزازی قونصل جنرل شیخ خالد تواب کی جانب سے انکی رہائشگاہ پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق ال رومیتھی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کے دوران کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج عوام کے مسائل اور حالات بدلنے کی اشد ضرورت ہے، یہ دیکھا انتہائی ضروری ہے کہ کس طرح معیشت اور معاشرت کو سنبھالا جاسکتا ہے، ان لوگوں کی تکالیف کا اندازہ کرنا ہوگا جو 20 ہزار روپے ماہانہ میں اپنے گھر کا گزارہ کرتے ہیں، ہمیں اس دائرے کو توڑنا ہوگا جس میں ہم پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کی شرائط مان کر اور قرضہ حاصل کرکے اس کا درست استعمال نہ کرسکے بلکہ وہ خود گھروں سے محلوں میں شفٹ ہوگئے، ملک میں قبضہ مافیا کا راج ہے اور ہزار ایکڑ والا لاکھوں ایکڑ بناگیا جبکہ قرضے غریب بھر رہا ہے، وقت کم ہے اس لئے ملک کو بچانے کیلئے حیثیت کے حامل افراد کو آگے آنا ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری توجہ معیشت میں استحکام لانے پر مرکوز ہے، ملک کے موجودہ معاشی حالات ہم سب کی توجہ کے متقاضی ہیں، کاروباری برادری ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 1047732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047732/پاکستان-کے-بہتر-مستقبل-کیلئے-نظام-اور-سسٹم-سے-الجھنا-ہوگا-گورنر-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org