QR CodeQR Code

ماہ رمضان میں خصوصی طور پر غریبوں اور یتیموں کیساتھ ہمدردی کا اظہار کریں، آئی ایم یو سی

20 Mar 2023 20:11

مولانا مشتاق احمد حقنواز نے مزید کہا کہ کشمیر کی سرزمین یہاں رونما ہونے والے خوفناک و درندانہ واقعات کی ہرگز اجازت نہیں دیتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے چیئرمین سید شریف الحق بخاری نے کہا کہ ہم لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتے ہیں کہ رمضان المبارک جیسے بابرکات مہینے کو حاصل کر کے اور اس کے روزے نہایت ذوق و شوق کے ساتھ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس دور میں تمام مسلمانوں اس بابرکت رمضان المبارک کی فضیلت سے آگاہ و باخبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزہ ایک ایسی عبادت ہے کہ انسان روزہ رکھ کر اپنے ہر کام کو انجام دے سکتا ہے، روزہ رکھ کر صنعت و تجارت و زیارت ہر کام بخوبی انجام دے سکتا ہے، اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایات کے مطابق رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔ مفتی سید شریف الحق بخاری نے کہا کہ یہ مہینہ برکت، رحمت، محبت و ملنساری اور ہمدردی کا مہینہ ہے لہذا ہمیں چاہیئے کہ غریبوں، بیواوں اور یتیموں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کریں۔

اس دوران انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے وائس چیئرمین مفتی مدثر احمد قادری اشرفی نے کہا کہ حدیث مبارک میں ہے کہ رمضان ﷲ تعالٰی کا مہینہ ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس مبارک مہینے سے رب ذوالجلال کا خصوصی تعلق ہے جس کی وجہ سے یہ مبارک مہینہ دوسرے مہینوں سے ممتاز اور منفرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام لوگوں سے ادب و احترام کے ساتھ استدعا کرتے ہیں کہ اس ماہ مبارک کو اپنے لئے باعث رحمت بنا کر حاصل کریں کیونکہ یہ گیارہ مہینوں کے لئے ایک عظیم کورس ہے جو ہمیں ان مہینوں میں زندگی بسر کرنے اور باقی عبادات کرنے کے لئے یاد دہنی کرتی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے ترجمان اعلٰی مولانا مشتاق احمد حقنواز نے کہا کہ اس ماہ کا اہم ترین تقاضا یہ ہے کہ مسلمانوں کو متحد ہوکر معاشرے میں پھیلی بدعات، خرافات و منشیات کا قلع قمع کرنا چاہیئے۔

مولانا مشتاق احمد حقنواز نے کہا کہ اسلام ہم سے انفرادی سے زیادہ اجتماعی معاملات کی تائید کرتا ہے۔ انہوں نے مسلمانان عالم سے گزارش کی کہ وہ قرآنی ماحول میں ملت سازی و باہمی اخوت و ملنساری کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے میں اپنا دینی و ملی فریضہ انجام دیں۔ مولانا مشتاق احمد حقنواز نے مزید کہا کہ کشمیر کی سرزمین یہاں رونما ہونے والے خوفناک و درندانہ واقعات کی ہرگز اجازت نہیں دیتی ہے۔ انہوں نے سوئبگ بڈگام میں رونما ہونے والے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 1047747

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047747/ماہ-رمضان-میں-خصوصی-طور-پر-غریبوں-اور-یتیموں-کیساتھ-ہمدردی-کا-اظہار-کریں-ا-ئی-ایم-یو-سی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org