QR CodeQR Code

معاشی استحکام کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے کام لیا جائے، ڈاکٹر عطاالرحمان

20 Mar 2023 23:06

دو روزہ بین الاقوامی بائیومیڈیکل سائنسز کانفرنس بہ عنوان ”بریجنگ بیسک اینڈ ٹرانزیشنل ریسرچ” سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائنسی علوم، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کو ترجیح قرار دیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ ملک کے معروف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ صرف زراعتی معیشت پر انحصار کر کے ملکی معیشت کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا بلکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) اور بائیو ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف وائرس کے خلاف ویکسین بناکرمعیشت کو بہتر انداز میں مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ اہتمام پہلی دو روزہ بین الاقوامی بائیومیڈیکل سائنسز کانفرنس بہ عنوان ”بریجنگ بیسک اینڈ ٹرانزیشنل ریسرچ” سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی علوم، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کو ترجیح قرار دیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے انسانی گردے بنائے جارہے ہیں، جن کی انسانوں میں پیوندکاری ممکن ہوگئی ہے اس کے علاوہ اسٹیم سیل ٹیکنالوجی سے جگر، گردے، دل یا دیگر اعضاء جن میں نقص پیدا ہو گیا ہو، انہیں ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو خلیے غیر فعال ہو گئے ہیں، ان کی جگہ نئے خلیے تخلیق کئے جا سکتے ہیں، اس لیے ہماری حکومتوں کو سوچنا چاہیے کہ صرف زراعتی معیشت پر انحصار کر کے  ملکی معیشت کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مصنوعی  ذہانت  طب کے میدان میں بھی بڑے پیمانے پر استعمال کی جا رہی ہے ، اس کے ذریعے معلوم کیا جا سکتا ہے کہ انسانی جسم کے کون سے اعضاء میں خامی ہے اور ان کو ٹھیک کیسے کیا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1047777

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047777/معاشی-استحکام-کیلئے-آرٹیفیشل-انٹیلیجنس-سے-کام-لیا-جائے-ڈاکٹر-عطاالرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org