0
Tuesday 21 Mar 2023 09:32

صیہونی پارلیمنٹ کیجانب سے فلسطین میں قبضے کیلئے ایک سابق بل کی منسوخی

صیہونی پارلیمنٹ کیجانب سے فلسطین میں قبضے کیلئے ایک سابق بل کی منسوخی
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی پارلیمنٹ "کنسٹ" نے "No call law" منسوخ کر دیا ہے۔ یہ قانون 2005ء میں نافذ کیا گیا تھا۔ جس کی رو سے غزہ کی پٹی کے قریب 21 صیہونی کالونیوں کو ختم کرکے اس جگہ کو اسرائیلی باشندوں اور فوجی حکام سے خالی کروا لیا گیا تھا۔ اسرائیل ٹائمز نے رپورٹ دی ہے کہ اس قانون کو منسوخ کرنے کے حق میں 31 ووٹ جبکہ مخالفت میں 18 ووٹ پڑے۔ اس اخبار نے مذکورہ قانون کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کنسٹ نے اس قانون کو منسوخ کر دیا ہے، جس میں صیہونیوں کو "غانیم"، "کادیم"، "حومیش" اور "سانور" میں داخلے سے منع کیا گیا تھا۔ صیہونی فوج ایک فوجی حکم نامے پر دستخط کرکے غاصب آباد کاروں کو مذکورہ علاقوں میں دوبارہ گھسنے کی اجازت دے گی۔ نیز اسرائیل ٹائمز نے اعتراف کیا ہے کہ فلسطینی اس اقدام کو اپنی سرزمین ہتھیانے کے نئے منصوبے سے تعبیر کریں گے۔ واضح رہے کہ 1967ء کی جنگ اور مغربی کنارے و مشرقی بیت المقدس میں فلسطینی اراضی پر قبضے کے بعد صیہونی حکومت کی تعمیر کردہ یہودی بستیوں میں لاکھوں صیہونی مقیم ہیں۔
 
اقوام متحدہ اور بہت سے ممالک ان صیہونی کالونیوں کو غیر قانونی سمجھتے ہیں۔ کیونکہ اس حکومت نے 1967ء کی جنگ کے بعد اس سرزمین پر قبضہ کیا تھا۔ یہ امر بھی قابل غور ہے کہ جنیوا کنونشن کے مطابق اس مقبوضہ سرزمین (فلسطین) پر قابض حکومت (اسرائیل) کی جانب سے ہر طرح کی تعمیرات غیر قانونی ہیں۔ یاد رہے کہ فلسطینی مغربی کنارے اور غزہ میں ایک آزاد ریاست کے خواہاں ہیں کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔ اسی لئے وہ 1967ء میں قبضہ کئے گئے علاقوں سے صیہونیوں کے انخلاء کے طلبگار ہیں۔ لیکن اسرائیل اس چھ روزہ جنگ سے پہلے والی حدود پر جانے سے انکاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 1047838
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش