اسلام ٹائمز۔ اتحادی جماعتوں کے قائدین نے وزیراعظم سے ملاقات میں عمران خان کیخلاف دو ٹوک موقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے قائدین کے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ہوا جس میں ملک سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں افراتفری پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ رہنماؤں کی جانب سے اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اداروں کے سربراہان بھی مشاورتی عمل کا حصہ بنے۔ اجلاس کے شرکا کو لاہور اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کی پُرتشدد کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمان سب سے زیادہ طیش میں تھے اور انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سختی سے کچلنے کا مشورہ دیا۔