QR CodeQR Code

کراچی، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سنی علماء کونسل کے مرکزی رہنما مولانا عبدالقیوم قتل

21 Mar 2023 15:08

مسلح افراد نے انتہائی قریب سے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ ایک ملزم موٹر سائیکل سے اتر کر مولانا عبدالقیوم کے قریب آیا اور فائرنگ کی، جبکہ دوسرا موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا۔ مسلح ملزم نے مولانا عبدالقیوم صوفی کے سر پر ایک گولی ماری اور فرار ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گلستان جوہر کے علاقے میں گھات لگائے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پاکستان علماء ایسوسی ایشن کے رکن اور سنی علماء کونسل کے مرکزی رہنما کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی علی الصبح گلستان جوہر تھانے کے علاقے بلاک 9 مگسی چوک گلی نمبر 3 میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 50 سالہ مولانا عبدالقیوم صوفی نقشبندی کو قتل کر دیا، جو جامع مسجد محمدی مدرسہ نورانی اسلامک سینٹرکے مہتمم، پاکستان علماء ایسوسی ایشن کے رکن اور سنی علماء کونسل کے مرکزی رہنما تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان موقع پر پہنچے، جبکہ شواہد اکٹھا کرنے کیلئے کرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا اور مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال پہنچائی گئی۔ پولیس کے مطابق مولانا عبدالقیوم صوفی نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسجد سے اپنے گھر کی جانب پیدل جا رہے تھے کہ گھر کے قریب ہی گھات لگائے موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔

مقتول مولانا عبدالقیوم کو ایک گولی سر پر لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ مقتول 4 بچوں کے باپ تھے۔ واقعے کے فوری بعد پاکستان علماء ایسوسی ایشن اور سنی علماء کونسل کے مرکزی رہنما، عہدیداران، مدرسے کے طلبہ اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے احتجاج کیا۔ بعد ازاں قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ملزمان مولانا عبدالقیوم صوفی کو قتل کرکے فرار ہو رہے ہیں۔ مسلح افراد نے انتہائی قریب سے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ ایک ملزم موٹر سائیکل سے اتر کر مولانا عبدالقیوم کے قریب آیا اور فائرنگ کی، جبکہ دوسرا موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا۔ مسلح ملزم نے مولانا عبدالقیوم صوفی کے سر پر ایک گولی ماری اور فرار ہوگئے۔


خبر کا کوڈ: 1047885

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1047885/کراچی-نامعلوم-افراد-کی-فائرنگ-سے-سنی-علماء-کونسل-کے-مرکزی-رہنما-مولانا-عبدالقیوم-قتل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org