0
Tuesday 21 Mar 2023 18:16

بھارتی ایجنسی ’این آئی اے‘ نے کشمیری صحافی عرفان معراج کو گرفتار کیا

بھارتی ایجنسی ’این آئی اے‘ نے کشمیری صحافی عرفان معراج کو گرفتار کیا
اسلام ٹائمز۔ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے مبینہ ملی ٹنسی فنڈنگ کے ایک کیس کے سلسلے میں کشمیری صحافی عرفان معراج کو گرفتار کیا ہے۔ این آئی اے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اکتوبر 2020ء میں درج کئے جانے والے این جی او ملی ٹنسی فنڈنگ کیس میں وسیع بنیادوں پر تحقیقات کے بعد این آئی اے نے 20 مارچ 2023ء کو عرفان معراج کو سرینگر میں گرفتار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ عرفان معراج، خرم پرویز کا قریبی ساتھی تھا اور وہ اس کی آرگنائزیشن جموں و کشمیر کولیشن آف سیول سوسائٹی (جے کے سی سی ایس) کے ساتھ وابستہ تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ جے کے سی سی ایس وادی کشمیر میں عسکریت پسندی کی سرگرمیوں کی فنڈنگ کر رہی تھی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے آڑ میں علیحدگی پسند ایجنڈے کی تشہیر کر رہی تھی۔

قبل ازیں حکومتی ذرائع نے بتایا کہ سرینگر میں مقیم آزاد صحافی اور محقق عرفان معراج کو این آئی اے نے این آئی اے پولیس اسٹیشن دہلی میں درج ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ جس ایف آئی آر کے تحت انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز کو سال 2021ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کو دہلی منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا پی ڈی پی کی صدر اور مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی نے عرفان معراج کی گرفتاری کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کشمیر میں عرفان معراج جیسے صحافیوں کو اپنا فرض انجام دینے کے لئے سچ بولنے پر گرفتار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یو اے پی اے‘‘ جیسے قوانین کا مسلسل غلط استعمال کیا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ یہ عمل خود ہی سزا بن جائے۔
خبر کا کوڈ : 1047896
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش