0
Tuesday 21 Mar 2023 17:21

ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی اور معاشی تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے، مولانا کلب جواد

ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی اور معاشی تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے، مولانا کلب جواد
اسلام ٹائمز۔ ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی اور معاشی تعلقات کی بحالی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مجلس علماء ہند کے جنرل سکیرٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ یہ ایک تاریخی قدم ہے جس سے خطے میں استحکام اور عالم سلام کو فائدہ پہونچے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو چاہیئے کہ اپنے روابط کی بہتری اور مضبوطی کے لئے ہر ممکن مخلصانہ کوشش کریں تاکہ عالم اسلام کو مزید تقویت میسر ہو۔ مولانا کلب جواد نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب دو بڑی طاقتیں ہیں، ان کے دوستانہ روابط مشرق وسطیٰ کی سیاست میں تبدیلی کا خوش آئند عندیہ ہے۔ مولانا کلب جواد نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ شام، یمن اور عراق میں سیاسی استحکام وجود میں آئے گا، خاص طور پر یمن کے سیاسی مسائل کا حل ضروری ہے تاکہ یمن میں سیاسی بحران ختم ہوسکے اور یمنی عوام جو افلاس زدہ زندگی گذارنے پر مجبور ہے، اس کی خوش حالی کے اسباب فراہم ہوسکیں۔ مولانا کلب جواد نے کہا کہ ان تعلقات کی بہتری کے نتیجے میں جنت البقیع کی بازسازی کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں۔

مولانا کلب جواد نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات استعماری طاقتوں کے زوال کا اشاریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے اسلام دشمن طاقتیں دونوں ملکوں کے درمیان دشمنی کا بیج بوتی رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ سب سے زیادہ پریشانی اسرائیل کو لاحق ہے۔ مولانا کلب جواد نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب کو عالم اسلام کا متحدہ محاذ قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے، اس طرح مسلمانوں کا عالمی اتحاد سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کا اتحاد ’اسلاموفوبیا‘ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، جس کے لئے مشترکہ کوشش ہونی چاہیئے۔ مولانا کلب جواد نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے بہتر تعلقات کی بنا پر شیعہ دشمنی میں بھی کمی واقع ہوگی، خاص طور پر سعودی عرب میں شیعوں پر جاری تشدد اور جارحیت کو ختم ہونا چاہیئے تاکہ یہ دوستی مزید مضبوط ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 1047901
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش